جماعت اسلامی اقامت دین کی جدوجہد کر رہی ہے ، حافظ نعیم الرحمن

جماعت اسلامی اقامت دین کی جدوجہد کر رہی ہے ، حافظ نعیم الرحمن

 کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی روز اول سے اقامت دین کی جدوجہدمیں کوشاں ہے۔ سندھ ورکرز کنونشن کو کامیاب بنانے کے لیے رابطہ عوام میں تیزی لائیں،کارکنان اپنا دن رات ایک کردیں بھر پور جدوجہد اور انتھک محنت سے کنونشن میں ذیادہ سے ذیادہ افراد کی شرکت کو یقینی بنائیں،کنونشن کے لیے جن وسائل کی ضرورت ہے ان کے لیے انفاق فی سبیل اللہ کے لیے بھی کوششیں کریں ہر طرح سے اپنا بھر پور حصہ ڈالیں کسی بھی تحریک کو مؤثر انداز میں چلانے کے لیے مالی وسائل کا ہونا اشد ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی زون گلشن معمار کے زیر اہتمام فیملی ورکرز کنونشن سے خصوصی خطاب میں کیا۔کنونشن میں نائب امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی خالد صدیقی نے جماعت اسلامی سندھ ورکرز کنونشن کے حوالے سے بریفنگ دی ۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی زون گلشن معمار رضوان شاہ نے اورا بوالخیر نے بھی خطاب کیا۔حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہاکہ صرف کراچی ہی نہیں بلکہ سندھ اور وطن عزیز کے شہری بھی مشکل گھڑی میں اپنے مسائل کے حل کے لیے جماعت اسلامی اور الخدمت ہی کی جانب دیکھتے ہیں کیونکہ پورے ملک میں جماعت اسلامی ہی وہ واحد جماعت ہے کہ جس کے کسی بھی فرد کے ماتھے پر کرپشن کا کوئی داغ نہیں، جماعت اسلامی نے اپنے دور قیادت میں پوری دیانت اور محنت کے ساتھ کم وسائل میں بہترین کام کر کے دکھایا۔ انہوں نے کہا کہ آج شہر کراچی یتیم نظر آتا ہے جہاں بد امنی لا قانونیت عروج پر ہے مسائل کا ڈھیر ہے اور کوئی پرسان حال نہیں اندرون سندھ میں جہاں سندھی بولنے والے حکمراں ہیں لیکن سندھ کے شہری مسائل کی دلدل میں جکڑے ہوئے ہیں پورے سندھ کی ابتر حالت کا ذمہ دار حکمرانوں کی کرپشن اور نااہلی ہے اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے کراچی اور سندھ کے عوام اٹھ کھڑے ہوں اور بھر پور عزم اور حوصلے کے ساتھ جماعت اسلامی سندھ ورکرز کنونشن میں شریک ہوں۔ورکرز کنونشن میں جماعت اسلامی زون گلشن معمار کے کارکنان و اہل خانہ و احباب نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ دریں اثناء جماعت اسلامی کے تحت سندھ ورکرز کنونشن (26،27نومبرباغ جناح کراچی )کی تیاریوں اور انتظامات کے سلسلے میں ناظم اجتماع و امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی زیر صدارت جماعت اسلامی کی برادر تنظیموں کا اجلاس ادارہ نور حق میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سکریٹری کراچی عبد الوہاب ، سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ،پاکستان بزنس فورم ، انجینئرز فورم ،اسلامی نظامت تعلیم ، اسلامک ہومیو پیتھک ایسوسی ایشن ، تنظیم اساتذہ ،جمعیت طلبہ عربیہ ، ہیومن رائٹس نیٹ ورک اور دیگر برادر تنظیموں کے ذمہ داران اور نمائندوں نے شرکت کی ۔ اجلاس میں برادر تنظیموں کے ذمہ داران اور نمائندوں نے کنونشن کے حوالے سے تیاریوں و مقررہ اہداف اور اب تک کی جانے والی کوششوں اور رابطوں کے بارے میں بتایا اور کہا کہ کنونشن میں علماء ، وکلاء ، ڈاکٹرز ،انجینئرز ، محنت کش، طلبہ ، اساتذہ اور تاجروں سمیت مختلف شعبہ زندگی اور طبقہ فکر سے وابستہ افراد کثیر تعداد میں شریک ہوں گے ۔حافظ نعیم الرحمن نے ہدایت کی کہ تمام برادر تنظیموں کے نمائندے اور ذمہ داران کنونشن کو بھرپور اور کامیاب بنانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں اور توانائیاں لگادیں ۔کنونشن میں بلا تفریق رنگ و نسل ، علاقہ ومسلک سب شریک ہوں گے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر