دفاعی نمائش کے سیکیورٹی اور ٹریفک انتظامات مکمل ہیں، اے ڈی خواجہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے پولیس کو احکامات جاری کیئے ہیں کہ دفاعی نمائش آئیڈیاز 2016 کے موقع پر اختیار کردہ سیکیورٹی حکمت عملی اور لائحہ عمل پر عمل درآمد سمیت ٹریفک کی روانی کے ضمن میں جملہ امور کو انتہائی ٹھوس اور غیرمعمولی بنایا جائے ۔ترجمان سندھ پولیس کے مطابق آئی جی سندھ نے باالخصوص ڈی آئی جی ایسٹ کو ہدایات جاری کیں کہ ایکسپو سینٹر کراچی کے اطراف اور اندرونی حصوں سمیت تمام مرکزی گیٹس پر کڑی نگرانی اور سادہ لباس اہلکاروں کی تعیناتی سمیت پولیس کے خصوصی تربیت یافتہ دستوں کو بھی ذمہ داریاں تفویض کی جائیں جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ سے ٹیکنیکل سوئپنگ اور کلیئرنس کے لیے بھی ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ چار روزہ نمائش میں شرکت کرنے والے غیرملکی مندوبین اور دیگر معروف تجارتی وصنعتی شخصیات کے ساتھ ساتھ شہریوں کے لیئے بھی سیکیورٹی کے مجموعی اقدامات کو غیرمعمولی بنایا جائے اور اس حوالے سے ایکسپو سینٹر اور نمائش کے منتظمین سے مشاورت اور تمام مندوبین کی فہرستوں کو سامنے رکھتے ہوئے ائیرپورٹ تا ایکسپوسینٹر روٹس پر پولیس پکٹنگ اور گشت سمیت مختلف پوائنٹس پر اسنیپ چیکنگ کے تحت تمام تر حفاظتی اقدامات کو ٹھوس اور فول پروف بنایا جائے ۔۔۔ انہوں نے کہا کہ غیرملکی مندوبین کے قیام کے مقامات پر تھانہ پولیس اور اسپیشل برانچ سندھ سیکیورٹی کے مجموعی اقدامات کو یقینی بنائیں اور اس حوالے سے معلومات کی شیئرنگ کو اہمیت دی جائے ۔انہوں نے مذید کہا کہ دفاعی نمائش کے دنوں میں جرائم کے خلاف جاری پولیس کی ٹارگٹیٹڈ کاروائیوں کو مذید تیز کیا جائے اور اس ضمن میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر جملہ پولیس کاروائیوں کو کامیاب بنایا جائے ۔۔۔ انہوں نے کہا کہ ویسٹ اور ساؤتھ زونز کے ڈی آئی جیز بھی نمائش کے تینوں دنوِں میں متعلقہ ایس ایس پیز کی نگرانی میں رینڈم اسنیپ چیکنگ, پیٹرولنگ اور پکٹنگ سمیت علاقوں میں انٹیلی جینس بیسڈ کاروائیوں کو ہر سطح پر یقینی بنائیں گے۔انہوں نے نمائش کے دنوں کے حوالے سے مرتب کردہ ٹریفک پلان پر عمل درآمد کے سلسلے میں بھی ٹریفک پولیس کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک کی روانی کے ضمن میں متبادل روٹس پر ٹریفک افسران اور جوانوں کی تعیناتی کے ساتھ ساتھ متبادل روٹس سے متعلق شہریوں کی آگاہی کے عمل کو بھی یقینی بنایا جائے ۔ کراچی پولیس کی رپورٹ کے مطابق مورخہ 22 تا 25 نومبر جاری رہنے والی چار روزہ دفاعی نمائش 2016 کی سیکیورٹی کے ضمن میں کم وبیش 3300 پولیس افسران وجوانوں کو ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں جس میں خواتین سمیت ریپڈ ریپانس فورس کی چار ریزروپلاٹونز سمیت 1450 افسران و جوان بھی شامل ہیں۔