چڑیا گھر کی ترقی کیلئے 50کروڑ روپے کی سمری منظور ہو چکی ہے ، ارشد وہرہ

چڑیا گھر کی ترقی کیلئے 50کروڑ روپے کی سمری منظور ہو چکی ہے ، ارشد وہرہ

 کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد وہرہ نے کہا ہے کہ کراچی کے چڑیا گھر کے ترقیاتی کاموں کے لئے 50 کروڑ روپے کی سمری منظور ہوچکی ہے جس سے ترقیاتی کاموں کے ساتھ ساتھ پانچ بڑے جانور زرافہ، دریائی گھوڑا، گینڈا سمیت دیگر جانور کراچی زو لائے جائیں گے ، کراچی کے لئے 10 ارب روپے کے کئی پیکیج ہونے چاہئیں اتنے بڑے شہر کے لئے ایک 10 ارب روپے کا پیکیج اونٹ کے منہ زیرے کے مترادف ہے یہ بات انہوں نے بچوں کے عالمی دن کے موقع پر کراچی چڑیا گھر کے دورے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ کراچی چڑیا گھر میں تاریخی مغل گارڈن، گاندھی گارڈن، املی روڈ، ہاتھی گھر سمیت دیگر جانوروں کے پنجروں ، کشتی رانی کے تالاب سمیت کئی دوسری چیزوں کو بہتر کرنے کی گنجائش ہے اور کے ایم سی کراچی چڑیا گھر کو 50 کروڑ روپے کے پیکیج سے بہتر بنائے گی ، انہوں نے کہا کہ چڑیا گھر بچوں کی دلچسپی کا مرکز ہوتا ہے جہاں وہ اپنے پسندیدہ جانوروں اور پرندوں کو دیکھ کر خوش ہوتے ہیں اور ان کی یہ خوشی ان کے والدین سمیت سب کے لئے خوشی کا باعث ہوتی ہے انہوں نے کہا کہ آج بچوں کے عالمی دن کے موقع پر کے ایم سی کے تمام پارکوں میں بچوں کا داخلہ مفت تھا ، بچوں کے جھولوں کو فری کردی گیا تھا جس سے بچوں نے خوب لطف اٹھایا ، کشتی رانی ،مچھلی گھر، ممتاز محل سمیت تمام سہولیات مفت مہیا کی گئیں جبکہ لانڈھی چڑیا گھر ، سفاری پارک، ہل پارک، امیر خسرو پارک ، بے نظیر بھٹو شہید پارک سمیت تمام تفریحی مراکز میں بچوں کو یہ سہولت مہیا کی گئی انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ سوچنا چاہئے کہ بچے ہمارا مستقبل ہیں اگر ہم ان کی صحیح تعلیم و تربیت نہیں کریں تو بہتر نتائج حاصل نہیں کرسکیں گے انہوں نے کہا کہ کراچی میں اسٹریٹ چلڈرن بھی بڑی تعداد میں موجود ہیں ان بارے میں بھی ہمیں سوچنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی چڑیا گھر میں اس وقت ساڑھے 8 سو کے قریب جانور، پرندے، رینگنے والے جانور موجود ہیں، ان کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جائے گا تاکہ بچوں کے دلچسپی برقرار رہے۔ انہوں نے کہا کہ آج یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ چڑیا گھر میں ہزاروں کی تعداد میں بچے اپنے والدین کے ہمراہ موجود ہیں اور اپنا دن انتہائی خوشی کے ساتھ منا رہے ہیں۔اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد وہرہ نے کراچی زو میں موجود بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے بھی پلائے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر