خطے میں ایرانی مداخلت کے خلاف عالم عرب متحد ہے،اماراتی وزیرخارجہ

خطے میں ایرانی مداخلت کے خلاف عالم عرب متحد ہے،اماراتی وزیرخارجہ

قاہرہ(این این آئی)متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور انور قرقاش نے قاہرہ میں ہونے والے عرب لیگ کے اجلاس میں منظور کردہ قرار داد کو تاریخی قرار دیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق اپنی متعدد ٹویٹس میں انہوں نے لکھا کہ عرب لیگ کے وزرائے خارجہ اجلاس میں عرب ممالک میں ایرانی مداخلت کی کھل کر مذمت کی گئی ہے۔ یہ ایک تاریخی قرارداد ہے اور تمام عرب ممالک کی طرف سے ایران کے منہ پر طمانچہ ہے۔ انہوں نے عرب ممالک پر زور دیا کہ وہ ایران کی بڑھتی مداخلت کی روک تھام کے لییمشترکہ حکمت عملی اپنائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عرب خطے میں ایرانی مداخلت کے خلاف عرب لیگ کی قرارداد تاریخ کا ایک نیا اور روشن باب ہے۔ اس قرارداد میں ایک ایسے دور کی بنیاد رکھی گئی ہے جو عرب دنیا کے لیے زیادہ مضبوط مستقبل کا ضامن ہوسکتا ہے۔خیال رہے کہ قاہرہ میں عرب لیگ کے وزرائے خارجہ سطح کے اجلاس کے دوران عرب ممالک میں ایرانی مداخلت کی شدید مذمت کی گئی اور ایران سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ حزب اللہ جیسے گروپوں کی مدد سے عرب اقوام کو نقصان پہنچانے کی سازشوں سے باز آئے۔

مزید : عالمی منظر