وزیراعلی پنجاب سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں خالی پلاٹوں کی منسوخی کا نوٹس لیں :لاہور چیمبر

وزیراعلی پنجاب سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں خالی پلاٹوں کی منسوخی کا نوٹس لیں ...

 لاہور ( کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر کے قائم مقام صدر خواجہ خاور رشید نے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف پر زور دیا ہے کہ وہ سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں خالی پلاٹوں کی منسوخی کا فیصلہ فوری طور پر رکوائیں کیونکہ یہ قدم ان کے انڈسٹریل ویژن اور زمینی حقائق کے منافی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور چیمبر میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر نائب صدر ذیشان خلیل ،امجد علی جاوا، شہزاد اعظم خان سندر انڈسٹریل اسٹیٹ اونرز بھی موجود تھے۔ خواجہ خاور رشید نے کہا کہ پلاٹ منسوخ کرنا درست فیصلہ نہیں، صنعتکاروں کو کم از کم تین سال کا وقت دیا جائے اور اس دوران انہیں بجلی گیس سمیت تمام سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں خالی پلاٹوں کی منسوخی سے سنگین معاشی مسائل پیدا ہونگے ، نہ صرف مقامی صنعتکاروں بلکہ غیرملکی سرمایہ کاروں کی بھی حوصلہ شکنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پلاٹ دیتے وقت صنعتکاروں سے بجلی، گیس، پانی، کمرشل ایریا، فوڈ کورٹ، مزدوروں کے لیے رہائشی کالونی اور ٹرانسپورٹیشن کی سہولیات کا وعدہ کیا گیا تھا مگر تاحال اس پر عمل درآمد نہیں ہوسکا۔ انہوں نے کہا کہ سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں 34-34میگاواٹ کے دو پلانٹس کام کررہے ہیں مگر یہاں صنعتوں کی ضرورت 170میگاواٹ ہے، ایسے میں صنعتکار نئی صنعتیں کس طرح لگاسکتے ہیں جب پہلے ہی صنعتوں کو بجلی میسر نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر صنعتکاروں کی مشکلات اور زمینی حقائق کو مدنظر رکھے بغیر پلاٹ منسوخ کردئیے گئے تو صنعتکاری اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی کوششوں کو شدید دھچکا لگے گا۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے اپیل کی کہ وہ سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں پلاٹوں کی منسوخی کا فیصلہ رکوائیں تاکہ سرمایہ کاروں کو پریشانی سے بچایا جاسکے۔ امجد علی جاوا اور شہزاد اعظم خان نے کہا کہ بیوروکریٹک دھمکیاں کاروباری ماحول کو خراب کررہی ہیں، نہ صرف خالی پلاٹوں بلکہ ان صنعتوں کو بھی کینسل کرنے کا کہا جارہا ہے جو کسی بحران کا شکری ہیں جبکہ نان یوٹیلائزیشن فیس بھی طلب کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیس نیٹ ورک کی تمام ادائیگی سندر انڈسٹریل اسٹیٹ نے کی ، ابتدا میں صرف 19یونٹس کو گیس دی گئی اور بعد میں نئے کنکشن بین کردئیے گئے۔انہوں نے کہا کہ اس صورتحال میں پلاٹ کینسل کرنے جیسے اقدامات صنعتکاروں کے مسائل مزید بڑھائیں گے لہذا اس سے گریز کیا جائے۔

مزید : کامرس

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...