برطانوی حکومت کا2021 ء تک بغیر ڈرائیور گاڑیوں کا منصوبہ،75 ملین پاؤنڈ کی فنڈنگ کا امکان

برطانوی حکومت کا2021 ء تک بغیر ڈرائیور گاڑیوں کا منصوبہ،75 ملین پاؤنڈ کی فنڈنگ ...

لندن (اے پی پی)برطانوی حکومت کا ملک میں چلنے والی تمام گاڑیوں کو 2021 ء تک بغیر ڈرائیور کرنے کا منصوبہ ہے جس کیلئے آئندہ بجٹ میں 75 ملین پاؤنڈ سٹرلنگ کے فنڈ کا اعلان کیے جانے کا امکان ہے۔وزارت خزانہ کی جانب سے جاری ہونے والے سالانہ بجٹ کے اعداد و شمار کے مطابق حکومت ملک میں بغیر ڈرائیور گاڑیوں کے فروغ کیلئے کوشاں ہے جس کیلئے بدھ کو ہونے والے بجٹ اجلاس میں اس منصوبے کیلئے 75 ملین پاؤنڈ سٹرلنگ (99 ملین ڈالر، 84 ملین یورو) مختص کرنے کا امکان ہے۔

جس کا اعلان وزیر خزانہ فلپ ہیمنڈ کریں گے۔اس منصوبے کے تحت وہ ملک میں بغیر ڈرائیور گاڑیوں کی صنعت کیلئے ضوابط میں تبدیلی کا بھی اعلان کریں گے ، حکومت کا اندازہ ہے کہ 2035 ء تک اس صنعت کی مالیت 28 ارب پاؤنڈ سٹرلنگ سے بڑھ جائے گی۔اس کے علاوہ ملک میں 5 جی ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے بھی 160 ملین پاؤنڈ سٹرلنگ رکھے جائیں گے کیونکہ بغیر ڈرائیور گاڑیوں کیلئے یہ ٹیکنالوجی انتہائی ضروری ہے۔

مزید : کامرس