فیصل آباد چیمبر کے ای پولیس سٹیشن کو بہت جلد دوبارہ فعال کر دیا جائیگا

فیصل آباد چیمبر کے ای پولیس سٹیشن کو بہت جلد دوبارہ فعال کر دیا جائیگا

فیصل آباد (بیورورپورٹ) فیصل آباد چیمبر کے ای پولیس سٹیشن کو بہت جلد دوبارہ فعال کر دیا جائیگا جبکہ ون فائیو کی موجودہ عمارت میں پولیس خدمت سنٹر آئندہ ہفتے آپریشنل ہو جائیگا جہاں لوگوں کو پولیس سے متعلق 13 قسم کی مختلف سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ممبران سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی آپریشن رانا محمد معصوم نے بتایا کہ ڈولفن فورس کی وجہ سے گشت کے نظام میں کافی بہتری آئی ہے جبکہ اب تک کی فیڈ بیک کے مطابق سٹریٹ کرائم پر قابو پانے میں بھی خاصی مدد ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈولفن کی کارکردگی کا سائنسی تجزیہ کروا رہے ہیں تا کہ یہ معلوم ہو سکے کہ ڈولفن سے پہلے کیا صورتحال تھی اور اس کے آنے سے امن و امان کی صورتحال میں کتنی بہتری آئی۔ انہوں نے بتایا کہ ڈولفن کا ماڈل ترکی سے لیا گیا ہے جن کو 550 سی سی کی موٹر بائیک دی گئی ہیں جبکہ ان کے ماسٹر ٹرینرز کی ٹریننگ بھی ترکی سے ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت ڈولفن فورس کے 200 جوانوں کے پاس 550 سی سی کی سو موٹر بائیک ہیں۔ پنجاب کی سطح پر 1200 نئے جوان تیار ہو رہے ہیں جن میں سے بھی ایک خاصی بڑی تعداد فیصل آباد کو ملنے کی توقع ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈولفن کی وجہ سے ایک ماہ میں 3 خطر ناک مجرموں سے کامیاب مقابلے ہوئے۔

رانا محمد معصوم جن کے پاس اسوقت سٹی پولیس آفیسر اور چیف ٹریفک آفیسر کا بھی چارج ہے ، بتایا کہ دس روز قبل ہی انہیں سی ٹی او کا اضافی چارج ملا تھا ۔ وہ ٹریفک کے نظام کو بھی درست کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس سلسلہ میں اندروں شہر بازاروں میں وارڈن 250 سی سی کی موٹر سائیکل پرگشت کریں گے۔ اسی طرح کینال روڈ سے ملحقہ سڑکوں پر بھی وارڈن تعینات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ٹریفک کے نظام میں سب سے بڑی رکاوٹ تجاوزات ہیں۔ انہوں نے جھنگ روڈ کے باہر راجباہ روڈ پر تجاوزات کرنے والوں کو اٹھایا ہے مگر یہ کام ٹریفک پولیس کا نہیں اور وہ یہ مۂلہ ڈپٹی کمشنر کے نوٹس میں لائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ شہر کے تمام ٹریفک سگنل خراب ہیں ۔ جب سے لوکل گورنمنٹ کا نظام آیا ہے کوئی بھی ان کی ذمہ داری لینے کو تیارنہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ خراب سگنلز کو ٹھیک کرانے اور بعض نئے سگنل لگانے کی بھی کوشش کر رہے ہیں جبکہ ٹریفک سٹاف کی نفری بھی بڑھائی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ سو ملازمین کی سمری منظور ہوچکی ہے تاہم کے فیلڈ میں آنے کیلئے ابھی چھ سات ماہ کا عرصہ درکار ہوگا۔

مزید : کامرس