ملتان‘کاٹن ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کا اجلاس‘ممبران سے ماہرانہ رائے طلب

ملتان‘کاٹن ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کا اجلاس‘ممبران سے ماہرانہ رائے طلب

ملتان(اے پی پی )کاٹن ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کا چوتھا اجلاس تحقیقاتی ادارہ کپاس پنجاب ملتان میں منعقد ہوا ،اجلاس کی صدرات چیئرمین بورڈ سہیل محمود ہرل نے کی۔اجلاس میں وائس چانسلر محمد نواز شریف یونیورسٹی آف ایگریکلچر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی،ڈائریکٹر کاٹن ڈاکٹر صغیر احمد،صدر پاکستان کسان اتحاد خالد محمود کھوکھر،ڈائریکٹر بائیو ٹیکنالوجی ڈاکٹر ظفر اقبال قریشی،اسسٹنٹ ڈائریکٹر زرعی اطلاعات پنجاب نوید عصمت کاہلوں، بلال ،آصف مجید،جمیل الرحمان بزدار سمیت بورڈ کے دیگر ممبران نے شرکت کی۔اجلاس میں کپاس کی پیداوار میں اضافے کیلئے متعدد اقدامات زیر بحث آئے ۔ سیکرٹری زراعت پنجاب محمد محمود کی ہدایت پر کاٹن کیلنڈر 2016-17میں بہتری لانے کیلئے تمام ممبران سے ماہرانہ رائے بھی طلب کی گئی تاکہ موجودہ کیلنڈر میں تکنیکی خامیاں دور کی جاسکیں۔اجلاس میں کپاس کی بہتر پیداوار کے حصول کیلئے کلائمیٹ سمارٹ پروڈکشن ٹیکنالوجی،پانی،کھاد اور زرعی ادویات کے متناسب ومناسب استعمال سمیت مختلف ایشوز پر بحث کی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ کاشتکاروں کو پی بی روپس سبسڈی پر فراہم کرنے کیلئے حکومت پنجاب کوسفارشات بھیجی جائیں گی تاکہ کپاس کی آئندہ فصل کو گلابی سنڈی کے حملہ سے محفوظ بنایا جاسکے۔

بورڈ کے ممبران نے تجویز دی کہ ملکی کپاس کی کوالٹی میں بہتری اورعالمی منڈی میں روئی کی مانگ میں اضافہ کیلئے آلائشوں سے پاک چنائی پر توجہ دی جائے اور اس سلسلہ میں کاشتکاروں،سپروائزر اورچونیوں کی تربیت کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے۔گلابی سنڈی سے متاثرہ ٹینڈے بھیڑ بکریاں چرا کر تلف کئے جائیں،محکمہ زراعت توسیع و پیسٹ وارننگ کا فیلڈ عملہ کپاس کی چھڑیوں کی اُلٹ پُلٹ کا عمل یقینی بنائے۔اختتامی کلمات میں وائس چانسلر محمد نواز شریف یونیورسٹی آف ایگریکلچر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی نے اجلاس کے شرکاء کو یقین دلایا کہ یونیورسٹی کے طلباء کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ اپنے علاقوں میں کپاس کے بچے کھچے ٹینڈوں کی تلفی کی اہمیت کے بارے کاشتکاروں کو آگاہی دیں۔اجلاس میں رواں سال کپاس کی پیداواراوردوسرے مسائل بھی زیر بحث آئے۔

مزید : کامرس

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...