سینیٹ کی خصوصی کمیٹی سپورٹس ایسوسی ایشنز میں سیاسی مداخلت پر برہم

سینیٹ کی خصوصی کمیٹی سپورٹس ایسوسی ایشنز میں سیاسی مداخلت پر برہم

اسلام آباد(آئی این پی)سینیٹ کی خصوصی کمیٹی ملک میں سپورٹس ایسوسی ایشنز میں سیاسی مداخلت پر برہم ،وفاقی وزیر کھیل ریاض حسین پیرزادہ نے بھی بے بسی کا اظہار کر دیا۔وفاقی وزیر کھیل ریاض حسین پیرزادہ کا کہنا تھا کہ لوگ پاکستان سپورٹس بورڈ کو سونے کی چڑیا سمجھتے ہیں، وزیر مملکت برائے بین الصوبائی رابطہ اور پارلیمانی سیکرٹری کے پاس گاڑی ہے نہ دفتر، لیکن باہر سے آئے ایک مشیر کو نوازا گیا،رسہ کشی کے نام پر کسی کو بھی وزارت میں مشیر بنا دیا جاتا ہے،یہ مشیر پاکستان کم اور بیرون ملک زیادہ ہوتے ہیں،ہم بات کریں توہمیں بغاوت کرانے والا کہا جاتا ہے،آخر صبر کا بھی پیمانہ ہوتا ہے، حکومت نے فٹبال فیڈریشن کے معاملات میں کوئی مداخلت نہیں کی۔

، فٹبال فیڈریشن نے فیفا کے فنڈز فٹبال کھیل کے فروغ پرلگانے کی بجائے وکلا ء اور گاڑیوں پر خرچ کئے۔سینیٹ کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں صوبائی وزرا ء کھیل اور سیکرٹریز کھیل کو بریفنگ کیلئے طلب کر لیا ۔پیر کو کمیٹی کا اجلاس چیئرمین ڈاکٹر اشوک کمار کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔اجلاس میں سپورٹس فیڈریشنز کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی