پاکستان کو 9 سال بعد آئی ٹی ایف فیوچرز مقابلوں کی میزبانی مل گئی

پاکستان کو 9 سال بعد آئی ٹی ایف فیوچرز مقابلوں کی میزبانی مل گئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(اے پی پی)پاکستان کو 9 سال بعد آئی ٹی ایف فیوچرز ٹینس مقابلوں کی میزبانی مل گئی، تینوں ایونٹس 4 سے 24 دسمبر تک اسلام آباد میں کھیلے جائیں گے۔ پی ٹی ایف کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر سلیم ایف اللہ خان نے آئی ٹی ایف فیوچر کے مقابلے 9 سال بعد پاکستان میں واپس آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال فروری اور ستمبر میں ڈیوس کپ ٹائیز کے کامیاب انعقاد کے بعد انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے پاکستان کو آئی ٹی ایف فیوچر مقابلوں کی میزبانی دی ہے۔ پی ٹی ایف کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق پہلا ایونٹ آئی ٹی ایف فیوچر ایف ون سرینہ ہوٹلز 4 سے 10 دسمبر، آئی ٹی ایف فیوچر ایف ٹو کلثوم سیف اللہ خان 11 سے 17 دسمبر جبکہ آئی ٹی ایف فیوچر ایف تھری بے نظیر بھٹو شہید 18 سے 24 دسمبر تک کھیلا جائے گا۔
آئی ٹی ایف فیوچر ایف ون اور آئی ٹی ایف فیوچر ایف ٹو کے مقابلے سید دلاور عباس پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس اسلام آباد جبکہ آئی ٹی ایف فیوچر ایف تھری کا ایونٹ اسلام آباد ٹینس کمپلیکس میں کھیلا جائے گا۔ ایف ون کے کوالیفائنگ راؤنڈ 2 دسمبر سے شروع ہو گا جبکہ ایف ون کا مین راؤنڈ 4 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔ ہر ٹورنامنٹ کے لئے انعامی رقم 15 ہزار ڈالر مقرر کی گئی ہے۔ اس ایونٹ میں 200 کے قریب غیر ملکی کھلاڑیوں نے شرکت کی تصدیق کی ہے۔ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر نے ٹینس کے فروغ کے لئے پی ٹی ایف کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے وزارت بین الصوبائی رابطہ، حکومت اور قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کی جانب سے مختلف کھیلوں میں غیر ملکی کھلاڑیوں کے لئے سازگار ماحول کے اقدامات کو سراہا ہے۔