دیمتروف نے نیٹو اے ٹی پی فائنلز ایونٹ جیت لیا
لندن ( نیٹ نیوز) بلغاریہ کے گریگور دیمتروف نے نیٹو اے ٹی پی فائنلز ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا۔ انہوں نے فائنل میں بیجیئم کے ڈیوڈ گوفن کو شکست دیکر 19 سال بعد کوئی بڑا ایونٹ اپنے نام کیا۔ اس سے قبل ڈیوڈ گوفن نے سات بار کے چیمپئن راجر فیڈرر کو شکست دے کر اے ٹی پی فائنلز کے فائنل کے لئے کوالیفائی کیا تھا۔ لندن میں جاری سال کے اختتامی ٹینس ٹورنامنٹ کے فائنل میں بلغاریہ کے گریگور دیمتروف نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے بیلجیئم کے ڈیوڈ گوفن کو دلچسپ مقابلے کے بعد 7-5، 4-6 اور 6-3 سے ہرا کر ٹورنامنٹ جیت لیا۔ انہوں نے 19 سال کے بعد اپنے کیریئر کا کوئی بڑا ایونٹ جیتا۔ بلغاریہ کے گریگور دیمتروف نے ٹورنامنٹ کے پہلے سیمی فائنل میں امریکا کے جیک سوک کو شکست دیکر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا تھا۔ ایونٹ جیتنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے گریگور نے کہا کہ وہ اپنی اس فتح پر بہت خوش ہیں جس کو وہ دیر تک یاد رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مستقبل میں بھی اپنی عمدہ کارکردگی کو برقرار رکھتے ہوئے مزید فتوحات حاصل کرینگے۔