بچوں کے عالمی دن کی مناسبت سے پی ٹی آئی کی تحریک التوائے کار

بچوں کے عالمی دن کی مناسبت سے پی ٹی آئی کی تحریک التوائے کار

لاہور(لیڈی رپورٹر )بچوں کے عالمی دن کی مناسبت سے تحریک انصاف نے پنجاب اسمبلی میں تحریک التوائے کار جمع کرا دی ہے جس میں نشاندہی کی گئی ہے کہ پنجاب حکومت بچوں کی فلاح و بہبود کے اقدامات سے مکمل طور پر لا تعلق ہو رہی ہے کسی قسم کی چائلڈ پروٹیکشن پالیسی وضع نہیں کی گئی اور نہ ہی چائلڈ لیبر کا ڈیٹا اکٹھا کیا گیا ہے۔ ایم پی اے شعیب صدیقی نے کہا ہے کہ بچوں پرہونے والے تشدد اور بچوں کے ساتھ گھروں ،کارخانوں ،دکانوں ،بھٹوں اور ورکشاپوں پر کرائی جانے والی محنت مزدوری کا کوئی پرسان حال نہیں۔

نام کو تو چائلڈ پروٹیکشن بیورو موجود ہے لیکن صوبائی حکومت کے پاس ایسا کوئی میکنز م موجود ہی نہیں جس سے ان بے یارو مدد گار بچوں کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے؂

ایم پی اے شعیب صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں بچوں کو کھانے پینے کیلئے پوری خوراک میسر نہیں ،تعلیم اور صحت جیسی بنیادی سہولتوں سے محروم 50فیصد سے زائد بچوں پر ظلم و ستم کیا جا رہا ہے اور چائلڈ لیبر سمیت بچوں کے حقوق کی کہیں بھی داد رسی نہیں ہو رہی انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اس صورتحال سے ہر ذی شعور شہری میں بے چینی ، اضطراب اور غم و غصہ پایا جا تا ہے لہذا اس تحریک التوا کو باضابطہ قرار دے کر ایوان میں زیر بحث لایا جائے اور بچوں کی فلاح و بہبود کیلئے واضح روڈ میپ تشکیل دیا جائے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 4