5 دسمبر کو اسلام آبادمیں بلاول کا جلسہ ملکی سیاست میں سنگ میل ثابت ہوگا،اشرف بھٹی

5 دسمبر کو اسلام آبادمیں بلاول کا جلسہ ملکی سیاست میں سنگ میل ثابت ہوگا،اشرف ...

لاہور( نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کے سینئر نائب صدر محمد اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ پانچ دسمبر کو اسلام آباد کی پریڈ گراؤنڈ میں چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی صدارت میں منعقد ہونے والا جلسہ ملکی سیاست میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا اور پارٹی کے اس یوم تاسیس کے گولڈن جوبلی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری اہم اعلان بھی کریں گے اس جلسہ میں پیپلز پارٹی لاہور کی بھرپور نمائندگی ہو گی ۔وہ اپنے حلقہ انتخاب این اے 129میں یوم تاسیس کی تیاریوں کے سلسلے میں بلائے گئے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔محمد اشرف بھٹی کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کے نانا اور قائد اعوام شہید زوالفقار علی بھٹو نے آج سے کئی سال قبل ہی پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھ کر پاکستان میں تبدیلی کی بنیاد رکھ دی تھی عمران خان کی تبدیلی ایک ڈھونگ اور دکھاوا ہے۔

وہ لوٹوں کو اکھٹا کرکے تبدیلی کی بات کرتے ہیں جبکہ بھٹو شہید نے تو ایک ریڑھی بان اور پسے ہوئے طبقات کو اپنی پارٹی کے ٹکٹ سے اسمبلی پہنچا کر حقیقی تبدیلی کو عملی شکل دی تھی ۔انہوں نے کہاکہ عمران خان غریبوں کے نہیں بلکہ اشرافیہ کے لیڈر ہیں اور اشرافیہ ہی ان کے عہدیدرار اور اشرافیہ ہی ان کے نام نہاد کارکن بھی ہیں وہ سیاست دان نہیں بلکہ سیاست کو آلودہ کررہے ہیں ان کی زبان سیاست دانوں والی نہیں بلکہ مولا جٹ والی زبان ہے انہوں نے سیاست میں آلودگی پھیلانے اور لوٹوں کی فیکٹریاں لگانے کے سوا کچھ نہیں کیا ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 4