کامیابی کیلئے شریعت محمدیؐ پر عمل پیرا ہونا ہو گا،ذکر اللہ مجاہد

کامیابی کیلئے شریعت محمدیؐ پر عمل پیرا ہونا ہو گا،ذکر اللہ مجاہد

لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ سرکار دوعالم حضرت محمد ﷺ سے حقیقی محبت کا تقاضہ ہے کہ ملک میں ان کا دیا ہوا نظام بھی نافذ کیا جائے ۔ آپ سرکارﷺ کی سیرت طبیہ پر عمل پیرا ہو نا اور شریعت محمد ؐی کیلئے جدوجہد کرنا دنیا اور آخرت میں کامیابی کی ضمانت ہے ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے ماڈل ٹاؤن میں اہل علاقہ کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے نائب امیر جماعت اسلامی لاہور ملک شاہداسلم ، جماعت اسلامی علاقہ جنوبی کے امیر خالد احمد بٹ ، صدر الخدمت فاؤنڈیشن لاہور عبدالعزیز عابد ، احسن شاہد ملک ، احمد سلمان بلوچ و دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ؂آپ ﷺ کی سیرت طبیہ صرف مسلمانوں کیلئے نہیں بلکہ دنیا کے تمام انسانوں کیلئے مشعل راہ ہے ۔ہم سرکار دوعالم ﷺ کی امت میں سے ہیں ، اس اعزاز پر ہم اللہ تعالیٰ کا جتنا بھی شکر بجالائیں وہ کم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آپ سرکار ﷺ کی حیات طبیہ اپنا کر ہی ہمارے مسائل اور پریشانیاں ختم ہو سکتی ہیں اور ہماری زندگی میں آرام سکون اور اطمینان آسکتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کی دعوت بھی اسی نہج پر استوار ہے جو بنی اکرم ﷺ نے پیش کی تھی ،جماعت اسلامی خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور پاکستان کو مدینہ جیسی اسلامی فلاحی ریاستی بنایا چاہتی ہے جس کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے اسلامی جمہوریہ پاکستان میں کرپٹ اور مفاد پرستی کی سیاست کرنے والے حکمرانوں نے اپنے غیر ملکی آقاؤں کو خوش کرنے کیلئے قرآن و سنت اور ملکی آئین و قوانین کے ساتھ غداری کی اور منظم انداز میں 20کروڑ عوام کے جذبات کو مجروح کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے حکمران اسلام اور نظریہ پاکستان روگردانی کر رہے ہیں اور عقیدہ ختم نبوت ﷺ پر حکومت کی غیر سنجیدگی کی وجہ سے ملکی حالات خراب ہو رہے ہیں۔ ذکر اللہ مجا ہد نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ختم نبوؐت قوانین میں ترمیم کرنے والے سازشی عناصر کو بے نقاب کرے جنہوں نے قرآن سنت اور ملکی آئین سے روگردانی کی ہیان کو عہدوں سے برطرف کیا جائے۔

ذکر اللہ مجاہد

مزید : میٹروپولیٹن 1