تیز رفتار ڈالے کی زد میں آکر ایک بچی سمیت 2افرادہلاک

تیز رفتار ڈالے کی زد میں آکر ایک بچی سمیت 2افرادہلاک

لاہور(خبرنگار )ڈیفنس اے کے علاقے میں تیز رفتار ویگو ڈالے نے موٹرسائیکل سوار بہن بھائی اور ان کے بچوں کو کچل دیا جس کے باعث ایک بچی سمیت دو افراد ہلاک ہو گئے جبکہ ایک بچہ اور خاتون زخمی ہو گئے زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ لاشیں مردہ خانے منتقل کر دی گئیں۔ بتایا گیا ہے کہ ڈیفنس اے کے علاقے میں بی بلاک اشارے پر موٹرسائیکل سوار 28سالہ سموئیل اپنی بہن روط، 8سالہ بھانجی آراستہ اور 9سالہ بھانجے سونو کے ہمراہ اپنے رشتے داروں کے گھر چرڑ پنڈ جا رہا تھا کہ تیز رفتارکالے رنگ کے ویگو ڈالے نمبر CS-9898نے تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہوکر ان کی موٹرسائیکل نمبر LEO/12-5787کو ٹائروں تلے روند دیا جس کے باعث چاروں شدید زخمی ہو گئے سموئیل اور اس کی بھانجی آراستہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ اس کی بہن روط اور بھانجے سونو کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کی حالت نازک بیان کی جا رہی ہے ۔ پولیس نے گاڑی کے ڈرائیور ناصرسمیت تین مسلح افراد کو حراست میں لے لیا ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی کا مالک نعیم الحق نامی شخص ہے جو ایک پاور پلانٹ میں جنرل منیجر ہے پولیس نے لاشیں مردہ خانے منتقل کرکے تفتیش شروع کر دی ہے ۔

مزید : علاقائی