جرائم پیشہ افراد کیخلاف کریک ڈاؤن ، وہاڑی سے 70لاکھ کی منشیات برآمد ، ملزم گرفتار
لاہور(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان کی ہدایت پر پنجاب کے تمام اضلاع میں جرائم پیشہ عناصر اور سماج دشمن گروہوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اسی سلسلے میں وہاڑی پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف ہونے والے آپریشن کے دوران ستر لاکھ روپے سے زائد مالیت کی ڈھائی من منشیات سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسروہاڑی عمر سعید ملک نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس کوخفیہ ذرائع سے منشیات کی بھاری مقدار سمگل ہونے کی اطلاع ملی جس پر ڈی ایس پی آرگنائزڈ کرائم سجاد احمد خاں کی سربراہی میں انچارج سی آئی اے رائے عارف نے ٹیم کے ہمراہ ہائی وے کوارٹرز پر ریڈ کر کے تقریباً70 لاکھ روپے مالیت کی 100کلو منشیات جس میں 50کلو چرس، 50 کلو افیون اور منشیات فروشی سے کمائے ہوئے 77ہزارروپے شامل تھے برآمد کر لئے۔ پولیس ٹیم نے ملزم عباس عرف عباسی کو موقع سے گرفتار کر کے مقدمہ کا اندراج کر لیا گیا۔ ڈی پی او وہاڑی عمر سعید ملک نے کامیاب کاروائی کرنے والی تمام ٹیم کو شاباش دی اور انعام و سرٹیفکیٹس دینے کا اعلان بھی کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ منشیات فروشی کے مکروہ دھندے میں ملوث مجرمان کسی معافی کے مستحق نہیں اورنوجوان نسل کو اس ناسور سے محفوظ رکھنے اور ضلع کو آخری منشیات فروش سے پاک کرنے تک پولیس کی کاروائیاں جاری رہیں گی۔