پیف میں مانیٹرنگ افسروں کی بھرتیوں کیخلاف درخواست پر نوٹس

پیف میں مانیٹرنگ افسروں کی بھرتیوں کیخلاف درخواست پر نوٹس

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہورہائیکورٹ نے پنجاب ایجوکیش فاؤنڈیشن میں 126 مانیٹرنگ افسروں کی بھرتیوں کے خلاف درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے استفسار کیا ہے کہ بتایا جائے کہ پیف کو ریٹائرڈ فوجی افسروں کی کیا ضرورت پڑ گئی تھی، سیکڑوں لوگ بے روزگار ہیں اور یہاں پنشنرز کو بھرتی کیا جا رہا ہے۔مسٹر جسٹس شمس محمود مرزا نے قدیر اسلم کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی طرف سے چودھری شعیب سلیم ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے 32اضلاع کے لئے 126ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفسیرز کو غیرقانونی طور پر بھرتی کیا ہے، عدالت نے پنجاب حکومت کے وکیل سے استفسار کیا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کو ریٹائرڈ فوجی افسروں کی کیا ضرورت پیش آگئی جبکہ وہ پہلے سے ہی پنشن وصول کر رہے ہیں، جو سویلین بے روزگار ہیں وہ کہاں جائیں؟ پنجاب حکومت کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ پیف نے پالیسی کے مطابق بھرتیاں کی ہیں اور یہ درخواست پالیسی معاملہ ہونے کی بنیاد پر قابل سماعت نہیں ،درخواست کو مسترد کیا جائے، عدالت نے سرکاری وکیل کے دلائل مسترد کرتے ہوئے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیش اور سیکرٹری سکولز ایجوکیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتوں میں جواب طلب کر لیاہے۔
پیف ؍ بھرتیاں

مزید :

صفحہ آخر -