خطہ کے دستکاروں کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کی جائیگی،بلیغ الرحمٰن

خطہ کے دستکاروں کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کی جائیگی،بلیغ الرحمٰن

بہاولپور(بیورورپورٹ) وفاقی وزیرتعلیم انجینئر بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ آرٹ اینڈ کرافٹ کے حوالہ سے بہاولپور نمایاں مقام رکھتا ہے اور اس علاقہ کے دستکاروں کے ہنر کی نہ صرف بہاولپور بلکہ دنیا بھر میں پذیرائی ہو رہی ہے۔ مقامی دستکاروں کے فن کو اجاگر کرنے کیلئے بہاولپور (بقیہ نمبر46صفحہ7پر )

آرٹس کونسل نے شاندار نمائش کا انعقاد کرکے ہنر مند افراد کو اپنے فن پارے پیش کرنے کا بہترین موقع فراہم کیا ہے۔ وہ بہاولپور آرٹس کونسل کے زیر اہتمام آرٹ اینڈ کرافٹ کی نمائش کا افتتاح کرنے کے بعد اظہار خیال کر رہے تھے۔ اس موقع پر سابق صدر چیمبر آف کامرس ڈاکٹر رانا محمد طارق، میاں شاہد اقبال، ڈائریکٹر تعلقات عامہ رانا اعجاز محمود،پروفیسر ڈاکٹر شاہد رضوی، پرنسپل بہاولپور انسٹی ٹیوٹ آف ری پبلیشن ڈاکٹر یاسر ارباب، ایریا منیجر پنجاب ووکیشنل ٹرینگ کونسل محمد فراست حسن، نسیم جعفری، شہود رضوی، پرنسپل گورنمنٹ ووکیشنل ٹرینگ کالج مسز بشریٰ اور مختلف اداروں کے افسران، سول سوسائٹی کے ممبران اور دستکار موجود تھے۔وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ ہاتھ سے بنائی ہوئی مصنوعات کی دنیا بھر میں قدر ہیا۔ انہوں نے کہا کہ ہنر مند افراد کو ایک جگہ پر کام کرنے کے لئے حکومت پنجاب نے کرافٹ بازار قائم کیا ہو ا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے سمال بزنس کے قرضہ جات کی فراہمی کے لئے خصوصی اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے شروع میں 25ہزار طلبہ و طالبات کو ہنر سکھانے کے لئے مختصر دورانیہ کے کورسز کرائے۔ بعد ازاں 50ہزار اور امسال ایک لاکھ طلبہ و طالبات کو ہنر سکھانے کے لئے شارٹ کورسز کرائے جارہے ہیں۔وفاقی وزیر تعلیم نے بہاولپور آرٹس کونسل کی جانب سے منعقد کی گئی آرٹ اینڈ کرافٹ نمائش پرمسرت کا اظہار کیا انہوں نے تمام سٹالز کا معائنہ کیا ۔ قبل ازیں ریذیڈنٹ ڈائریکٹر آرٹس کونسل عابد حسن رضوی نے بتایا کہ حکومتِ پنجاب نے دستکاروں کے فن کو فروغ دینے کے لئے بھرپور اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہاولپور آرٹ اینڈ کلچر کے حوالہ سے ممتاز مقام رکھتا ہے اور اس خطہ کے دستکاروں کی ہر سطح پربھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔بعد ازاں وفاقی وزیرِ تعلیم نے نمائش میں حصہ لینے والوں میں اسناد تقسیم کیں۔

مزید : ملتان صفحہ آخر