اسمبلیاں توڑنے کی باتیں جمہوریت کیخلاف ساز ش ہیں:حیدر ہوتی
پشاور (سٹاف رپورٹر ) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ اسمبلیاں تحلیل کرنے کا مطالبہ کرنے والے پشاور ریپڈ بس منصوبہ سے راہ فرار اختیار کرنا چاہتے ہیں اور وزیر اعلیٰ وضاحت کریں کہ جس تیسری قوت کے حوالے سے انہیں خدشات ہیں وہ تیسری قوت کون ہے، باچا خان مرکز میں سٹی ڈسٹرکٹ کے زیر اہتمام حاجی محمد عدیل کی پہلی برسی کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبے کو ملنے والے اختیارات اور شناخت کا سہرا حاجی محمد عدیل کے سر ہے ، انہوں نے مرحوم کی قربانیوں اور ان کی شاندار خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ اٹھارویں ترمیم اور صوبے کے نام و مختلف مقامات کو باچا خان کے نام سے منسوب کرنے کا کریڈٹ حاجی محمد عدیل کو جاتا ہے ،تقریب سے صوبائی سینئر نائب صدر سید عاقل شاہ ،سٹی ڈسٹرکٹ کے صدر ملک غلام مصطفی ،جنرل سیکرٹری سرتاج خان اور مرحوم حاجی محمد عدیل کے فرزند عدنان جلیل نے بھی خطاب کیا، امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ اے این پی کے دور حکومت میں مرحوم کی کاوشوں سے صوبے کو بجلی کے بقایاجات کی مد میں 110ارب روپے ملے جبکہ آج صوبے کے وزیر اعلیٰ صرف10ارب کے حصول کیلئے دھرنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ حاجی محمد عدیل کو باچا خان بابا ، ولی خان اور اسفندیار ولی خان کا اعتماد حاصل تھا اور یہ مقام انہیں اپنی قابلیت کی بنیاد پر ملا تھا ،انہوں نے کہا کہ آج نوجوان نسل کو حاجی محمد عدیل کے نقش قدم پر چلنے کی ضرورت ہے، صوبے کی مجموعی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ اسمبلیاں توڑنے کی باتیں جمہوریت کے خلاف سازش ہیں لیکن پاکستان میں جمہوریت کے علاوہ کوئی دوسرا نظام نہیں چل سکتا، انہوں نے کہا کہ امپائر کی انگلی اٹھنے کا انتظار کرنے والے اب تیسری قوت کا راگ الاپ رہے ہیں ، انہوں نے استفسار کیا کہ اگر وزیر اعلیٰ اسمبلیاں توڑ کر قبل از وقت انتخابات چاہتے ہیں تو وہ قوم کو بتائیں کہ آخری چھ ماہ میں شروع کئے جانے والے منصوبے کون مکمل کرے گا،انہوں نے کہا کہ پشاور میٹرو در اصل سیاسی رشوت کی خاطر ساڑھے چار سال تک روکے رکھا گیا ،انہوں نے کہا کہ تمام حکومتیں اپنی مدت پوری کریں اور وقت پر انتخابات کا انعقاد ہی ملک کے مفاد میں ہے ، انہوں نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ آئندہ الیکشن کے حوالے سے اپنی تیاریاں جاری رکھیں ، ٹکٹوں کی تقسیم سے متعلق امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ اے این پی جمہوری پارٹی ہے اور اس میں سب سے زیادہ کارکنوں کو عزت دی جاتی ہے ، انہوں نے کہا کہ پشاور کے بعض حلقوں کیلئے امیدواروں کا اعلان ماہ دسمبر میں کر دیا جائے گا، جبکہ جنوری کے اوائل میں یہ کام مکمل کر لیا جائے گا ، انہوں نے کہا کہ این اے4میں جس طرح جنات نے ووٹ پول کئے آئندہ الیکشن میں ایسا نہیں ہوگا اور اے این پی بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گی