پشاور ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کی تشکیل مکمل ،امجد عزیز ملک سرپرست اعلیٰ منتخب

پشاور ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کی تشکیل مکمل ،امجد عزیز ملک سرپرست اعلیٰ ...

پشاور(سپورٹس رپورٹر)پشاور ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کی تشکیل مکمل ہو گئی ہے،نائب صدر، جوائنٹ سیکرٹری اور ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران کے علاوہ ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ کا انتخاب کر لیا گیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے آئین کے مطابق ایسوسی ایشن کے سیکرٹری، صدر اور خزانچی کے انتخابات کے بعد دیگر عہدے داروں کا انتخاب رجسٹرڈ کلبوں کے درمیان ووٹنگ سے مکمل ہونا تھا جس کے لئے پشاور ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کا انتخابی اجلاس جم خانہ کرکٹ گراؤنڈ میں منتخب ہوا۔نائب صدر کے عہدے پر آصف ندیم اور محمد صابر کے درمیان مقابلہ ہوا جس میں آصف ندیم 23 ووٹ لے کر نائب صدر منتخب ہو گئے۔جوائنٹ سیکرٹری کے عہدے پر محمد آصف قریشی کے مقابلے میں کسی دوسرے امیدوار نے کاغذات جمع نہیں کروائے جس کے باعث انہیں بلا مقابلہ جوائنٹ سیکرٹری منتخب قرار دیا گیا۔ ایگزیکٹو کمیٹی کی دو نشستوں پر دو نوں امیدوار سید فرید اللہ شاہ اور رانا حاشر فواد بلا مقابلہ منتخب ہو گئے۔اس موقع پر اجلاس میں موجود تمام کلبوں کے عہدے داروں نے متفقہ طور پر سینئر صحافی اور سپورٹس جرنلسٹس کی ایشیائی تنظیم اے آئی پی ایس کے سیکرٹڑی جنرل امجد عزیز ملک کو ایسوسی ایشن کا سرپرست اعلیٰ منتخب کر لیا۔اجلاس سے خطاب میں پشاور ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر اصغر خان کا کہنا تھا کہ امجد عزیز ملک نے تین دہائیوں سے زیادہ کرکٹ کھیل کو گراس روٹ کی سطح پر مقبولیت سے ہمکنار کیا اور کھلاڑیوں کو کھیلنے کے شاندار مواقع فراہم کئے اور انہیں یقین ہے کہ سرپرست اعلیٰ منتخب ہونے کے بعد وہ کھلاڑیوں کو قومی سطح پر آگے لانے کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔نو منتخب سرپرست اعلیٰ امجد عزیز ملک کا کہنا تھا کہ کرکٹ پاکستان کا مقبول ترین کھیل ہے اور پشاور قومی ٹیموں کے لئے قابل فخر کھلاڑی فراہم کر رہا ہے جس کے پیش نظر وثوق سے کہا جا سکتا ہے کہ مستقبل میں بھی اس خطے سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی قومی ٹیموں میں جگہ بنائیں گے

مزید : پشاورصفحہ آخر