ڈپٹی کمشنر کوہاٹ کا ہسپتالوں اور مرکز صحت پر چھاپہ

ڈپٹی کمشنر کوہاٹ کا ہسپتالوں اور مرکز صحت پر چھاپہ

پشاور( سٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر کوہاٹ خالد الیاس نے اتوار کی شام لیاقت میموریل وومن اینڈ چلڈرن ہسپتال ، ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کے ڈی اے اور دیہی مرکز صحت استرزئی پر اچانک چھاپے مارے ۔انہوں نے لیاقت میموریل ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ کے غیر حاضر ڈاکٹر، ڈاکٹر عبدالاحدکو فوری طور پر معطل کرکے تنخواہ بندکرنے اور چلڈرن وارڈ خصوصاً باتھ رومز کی صفائی کی ابتر صورتحال پر سویپر بھولا کوبرطرف کرنے کے احکامات جاری کردئیے۔انہوں نے مذکورہ ہسپتال میں لوڈشیڈنگ کی دوران ایکسرے مشین نہ چلانے اور سیکنڈ شفٹ میں الٹراساؤنڈ کی سہولت نہ ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے ایم ایس لیاقت ہسپتال ڈاکٹر گل رعنا کو ہدایت کہ وہ اس کے مستقل حل کیلئے پلان تیار کرکے انہیں بھجوائیں تاکہ اس سلسلے میں فوری اقدامات اٹھائے جاسکیں۔انہوں نے ہسپتال میں موجود جنریٹر کے لئے تیل کا مسئلہ بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کایقین دلایا۔ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کے دورے کے موقع پر ایمرجنسی میں 3ڈاکٹر ز موجود تھے جس پرڈپٹی کمشنر نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ایم ایس ڈاکٹر حبیب کو خراج تحسین پیش کیا تاہم انہوں نے اتوار کے روز بھی ہسپتال میں الٹراساؤنڈ کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے 2ماہر ریڈیالوجسٹ میڈیکل آفیسرز کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی ۔اس موقع پر انہیں بتایا گیا کہ ہسپتال میں نئی تعمیر کردہ ایمرجنسی اینڈ ٹراما سنٹرایک ہفتے کے اندر فعال ہوجائے گاجس سے مریضوں کو بہتر ایمرجنسی طبی سہولیات میسر ہوں گی۔دیہی مرکز صحت استرزئی کے اچانک دورے کے موقع پر ڈسپنسر ڈیوٹی پر موجود تھا لیکن ڈاکٹر کی آسامی خالی ہونے کی وجہ سے ڈاکٹر نہیں تھا جس پر انہوں نے بہت جلد مذکور مرکز صحت کو 2میل اور ایک فیمیل میڈیکل آفیسر کی فراہمی کا وعدہ کیا جبکہ اسی مرکز میں ای سی جی اور الٹر اساؤنڈ مشین کو فعال کرنے کیلئے موجود ہ میڈیکل ٹیکنیشنز کو خصوصی ٹریننگ دی جائے گی۔ انہوں نے اس موقع پر مریضوں اور ان کے لواحقین سے ہسپتالوں میں فراہم کردہ طبی سہولیات اور ڈاکٹروں کے رویئے کے بارے میں بھی دریافت کیاجس پر سب نے اطمینان کا اظہار کیا

 

مزید : پشاورصفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...