ٹریفک میں روانی کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے ،صلاح الدین خان

ٹریفک میں روانی کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے ،صلاح الدین خان

پشاور( کرائمز رپورٹر)ا نسپکٹرجنرل آف پولیس خیبر پختونخوا صلاح ا لدین خان نے کہا ہے کہ پشاور میں بس ریپڈ ٹرا نزٹ منصوبے کی تعمیر کے دوران ٹریفک کو رواں دواں،آسان اورسہل بنانے کے لیے تما م ممکنہ اقدامات اُٹھائے جائیں گے ۔ ان خیالا ت کا اظہارا نہوں نے آج ایس ایس پی ٹریفک پشاور سے بس ریپڈ ٹرا نزٹ منصوبے کی تعمیر کے دوران ٹریفک کے متبادل انتظامات کے با رے میں تفصیلی بریفنگ لینے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ایس ایس پی ٹریفک پشاور نے مین جی ٹی روڈ پر آئی جی پی کو نقشوں کی مدد سے منصوبے کی تعمیر کے دروان ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے متبادل انتظامات کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔ آئی جی پی نے منصوبے کے دوران ٹریفک پولیس کے انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا اور ٹریفک پولیس حکام کو مزید ہدایت کی کہ وہ ٹریفک کے متبادل نظام کے بارے میں عوام کے لیے آگاہی مہم کو مزید تیز کردیں۔اور اس مقصد کے لیے ایف ایم ریڈیو، پرنٹ اورالیکٹرانک میڈیا کے علاوہ پمفلٹ بھی چھپوا دیں۔ اور اس میں تمام متبادل راستوں کے بارے میں نشاندہی کرکے ڈرائیوروں اور عام لوگوں میں تقسیم کریں۔تاکہ ڈرائیورنگ کے دوران ڈرائیورحضرات میسرآسان روٹس کا انتخاب کرسکیں اور ساتھ ہی ساتھ سواریوں کو بھی اپنے منزل مقصود تک پہنچنے میں دقت اور دشوا ری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر