ملک کے دیگر اضلاع کی طرح چارسدہ میں بھی انسداد پولیو مہم کا آغاز

ملک کے دیگر اضلاع کی طرح چارسدہ میں بھی انسداد پولیو مہم کا آغاز

چارسدہ (بیو رو رپورٹ) ملک کے دیگر اضلاع کی طرح چارسدہ میں بھی انسداد پولیو مہم کا آغاز کر دیا گیا۔ڈپٹی کمشنر چارسدہ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چارسدہ میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا ۔ افتتاحی تقریب میں ڈبلیو ایچ او اور یونیسف کے نمائندوں کی بھی شرکت ۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے دیگر اضلاع کی طرح چارسدہ میں بھی انسداد پولیو مہم کا آغاز کر دیا گیاہے۔ڈپٹی کمشنر چارسدہ منتظر خان نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چارسدہ میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔ اس موقع پر ڈبلیو ایچ او کے نمائندے ڈاکٹر انور جمال ،یونیسف کے نمائندے سریراللہ خان ،جے یو آئی کے ضلعی امیر مولانا ہاشم خان ،ویلج کونسل ناظم عدنان خان سمیت محکمہ صحت کے دیگر اہلکار بھی موجود تھے ۔ا س موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر تے ہوئے ڈپٹی کمشنر منتظر خان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پولیو مہم کے کامیابی کے لئے اس بار مربوط حکمت عملی طے کی گئی ہے تاکہ پانچ سال سے کم عمر کے تمام بچوں تک رسائی حاصل کر کے پولیو ویکسین سمیت وٹامن اے کے قطرے پلائے جا سکے ۔ انہوں نے علمائے کرام اور منتخب بلدیاتی نمائندوں پر زور دیا کہ وطن عزیز کو پولیو فری ملک بنانے کیلئے انسداد پولیو مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ دوسری طرف ضلع چارسدہ میں پولیو مہم کی کامیابی کے لئے ایک ہزار کے موبائل ٹیمیں تشکیل دے دی گئی جو گھر گھر جا کر ضلع کے 2لاکھ 66ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گی جبکہ ضلع بھر کے مختلف شاہراؤں اور بس اڈوں اور ٹرانزٹ ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر