بدقماش عناصر کیخلاف آپریشن ،49 اشتہاری ،452 مشتبہ گرفتار

بدقماش عناصر کیخلاف آپریشن ،49 اشتہاری ،452 مشتبہ گرفتار

کوہاٹ (بیورورپورٹ) کوہاٹ پولیس نے سنگین وارداتوں میں مطلوب 49اشتہاریوں سمیت 452 مشتبہ ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔شہر اور مضافات کے مختلف مقامات پر کاروائیوں میں گرفتار افراد کے قبضے سے خطرناک ہتھیاروں اورمنشیات کی بھاری کھیپ برآمد کر لی گئی ہے۔سماج دشمن عناصر کے خلاف رواں ہفتے متعدد آپریشنز میں کرایہ کے گھروں میں غیر قانونی مقیم درجنوں افراد کے خلاف مقدمات درج کرلئے گئے ہیں جبکہ زیر حراست افراد میں شامل افغان باشندوں کو ملک بدر کرنے کی کاروائی بھی عمل میں لائی گئی ہے۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ جاوید اقبال کی خصوصی ہدایت پر جرائم پیشہ افراد کو بھر پور قوت کیساتھ کچلنے کے سلسلے میں ضلع بھر میں بڑے پیمانے پر جاری سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کے نتیجے میں پولیس نے رواں ہفتے کے دوران کئی مقامات پر بھر پورکریک ڈاؤن کاانعقاد کیا ۔سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کی ان کاروائیوں میں پولیس نے سنگین مقدمات میں مطلوب اشتہاری مجرموں کے گھروں سمیت مختلف ٹھکانوں پراچانک چھاپے مارے اور چھاپوں کے اس سلسلے میں پولیس نے قتل واقدام قتل،رہزنی،اغوائیگی ،فراڈاور بھتہ خوری جیسے سنگین مقدمات میں مطلوب 49اشتہاری مجرمان کو حراست میں لے لیا۔سرچ آپریشنز کی کاروائیوں کے سلسلے میں پولیس نے قبائلی علاقوں کے سنگم پر واقع دور دراز دیہاتوں کی آبادی اور پہاڑی سلسلے میں تلاشی آپریشنز کا بھی انعقاد کیا اورشہر کے چپے چپے میں سماج دشمن عناصر کی سرکوبی کیلئے مختلف مقامات پر سرچ آپریشنز اور سنیپ چیکنگ کا عمل بھی دہرایا گیااوراس دوران452مشتبہ ملزمان کو حراست میں لیکر انکے قبضے سے مجموعی طور پر 14کلوشنکوف،3کلوکوف،18رائفل،30شاٹ گن،150پستول،مختلف بور کے 2500کارتوس،20کلوگرام چرس،70گرام افیون،60گرام ہیروئن اور 150لٹر شراب برآمد کرلئے۔آپریشنز کی ان کاروائیوں میں پولیس کو ایلیٹ فورس کے کمانڈوز،بم ڈسپوزل سکواڈ،خواتین پولیس اور حساس اداروں کے اہلکاروں کے علاوہ کھوجی کتوں کی ٹیم اور بھاری مشین گنوں سے لیس بکتر بند گاڑیوں کی بھی مدد حاصل رہی جبکہ جدید ٹیکنالوجی آلات و سراغ رساں سافٹ وئیر کی حامل موبائل سروس کو بروئے کار لانے والے ماہر ین بھی مشکوک افراد کی موقع پر چھان بین کیلئے پولیس کی آپریشنل ٹیموں کے ہمراہ کاروائیوں میں حصہ لیتے رہے۔شہر اور مضافات کے دیہاتوں میں سرچ آپریشن کی کاروائیوں میں پولیس نے کرایہ کے گھروں میں بغیر رجسٹریشن مقیم غیر مقامی افراد کے خلاف متعلقہ تھانوں میں کرایہ داری اور سیکیورٹی ایکٹ کے تحت ایک درجن سے زائد مقدمات قائم کردئیے ہیں جبکہ افغان پناہ گزین کیمپوں اور شہر کے دیگر علاقوں میں شناختی و سفری دستاویزات کے بغیر قیام پزیر 6افغان باشندوں کو بھی حراست میں لیکر انکے خلاف ملک بدر کرنے کی قانونی کاروائی عمل میں لائی گئی ہے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر