چیئرمین آزاد کشمیر احتساب بیورو کا بیورو کے مختلف شعبوں کا دورہ

چیئرمین آزاد کشمیر احتساب بیورو کا بیورو کے مختلف شعبوں کا دورہ

مظفرآباد(بیورورپورٹ)چیئرمین آزاد جموں وکشمیر احتساب بیوروراجہ محمد اسلم خان نے احتساب بیورو کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا۔ اس موقع پر تمام شعبہ جات کے جملہ آفیسران ؍اہلکاران کی حاضری چیک کی۔شعبہ شکایات اور شعبہ انوسٹی گیشن میں زیرکار شکایات؍تفاتیش کا بھی تفصیلی جائزہ لیا اورتمام آفیسران کی انفرادی کارگزاری کا بھی جائزہ لیا ۔ جملہ آفیسران شعبہ شکایات اور شعبہ انوسٹی گیشن نے جملہ زیرکار کیسسز کے حوالے سے چیئرمین کو تفصیلی بریفنگ دی۔چیئرمین نے زیرکار کیسسز کے حوالے سے آفیسران سے کی گئی کارروائی کی نسبت معلومات حاصل کیں۔چیئرمین نے ہردو شعبہ جات کے آفیسران کو تاکید کی کہ وہ زیرکار کیسسز جلد از جلد یکسو کرنے کیلئے ہرممکن کوشش کریں۔یاد رہے کہ اس وقت احتسا ب بیورو میں تقربیاً2500 کیسسز زیرکار ہیں جبکہ ان کیسسز پر کام کرنے والے آفیسران کی تعداد تقریباً25 کے لگ بھگ ہے۔ چیئرمین نے تمام آفیسران کو سختی سے نظم و ضبط پر کاربند رہنے کی بھی تاکید کی۔انہوں نے جملہ شعبہ جات کے آفیسران ؍اہلکاران کو بتایا کہ کسی بھی قسم کی کوتاہی کی صورت میں انضباطی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا اور بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اس موقع پر چیئرمین احتساب بیورو نے ہر دو شعبہ جات کے ڈائریکٹرز کو ہدایت کی کہ وہ تمام آفیسران؍اہلکاران کی حاضری کو یقینی بنانے کیلئے سخت نگرانی کریں اور نظم و ضبط پر کار بند نہ رہنے والے آفیسران؍اہلکاران کے متعلق رپورٹ کریں۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر