تحریک آزادی کیلئے کشمیریوں نے لاتعدادقربانیاں دیں،خواجہ فاروق

تحریک آزادی کیلئے کشمیریوں نے لاتعدادقربانیاں دیں،خواجہ فاروق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

مظفرآباد(بیورورپورٹ)دنیا بھر سمیت ملک بھر کی طرح آزادکشمیر میں بھی بچوں کا عالمی دن منایا گیا، جموں کشمیر پیس اینڈ جسٹس فورم کے زیر اہتمام مظفرآباد میں تقریب ، عالمی دن مقبوضہ کشمیر کے بچوں کے نام ، کشمیری شہداء کی قربانیوں کے طفیل ظلم کے پہاڑ ٹوٹ کر رہیں گے اور کشمیریوں کو ضرور آزادی نصیب ہوگی۔ سابق وزیر حکومت خواجہ فاروق، چیئرمین جموں کشمیر پیس اینڈ جسٹس فورم تنویر الاسلام ، نمائندہ حریت کانفرنس الطاف حسین وانی، معروف سماجی رہنما، شاعر خواجہ نزیر احمد، سیکرٹری اطلاعات سینٹرل یونین آف جرنلسٹس محمد اقبال میر ودیگر کا خطاب، تقریب کے اختتام پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے نام بچوں نے خط بھی تیار کیاجس پر تقریب میں موجود سینکڑوں بچوں اور بچیوں نے باضابطہ دستخط کیئے۔ مقبوضہ کشمیر کے شہید بچوں کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔ منقسم ریاست جموں و کشمیر کے بچوں نے اس دن کو یوم یاد اور یوم دعا کے طور پر منایا۔ تفصیلات کے مطابق جموں کشمیر پیس اینڈ جسٹس فورم کے زیر اہتمام ’’ سویرا ماڈل سکول ‘‘ میں بچوں کے عالمی دن کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب کے مہمان خصوصی سابق وزیر حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سینئر نائب صدر خواجہ فاروق تھے، تقریب میں نمائندہ حریت کانفرنس الطاف حسین وانی ، معروف سماجی رہنما خواجہ نذیر احمد، کیپٹیل جرنلسٹس فورم کے صدر طارق نقاش، سیکرٹری اطلاعات سی یو جے محمد اقبال میر، اے پی آر سی کے ایگزیکٹیو ممبر جمال چوہدری سمیت سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی، بچوں اور بچیوں نے ہاتھو ں میں پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے جس پر مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کی واضح تصویر دکھائی دے رہی تھی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر حکومت خواجہ فاروق احمد خان نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر ایک عظیم مشن ہے جس کیلئے کشمیر کے عوام نے بے شمار قربانیاں پیش کی ہیں، مقبوضہ جموں کشمیر کے اندر آج بھی ہماری مائیں بہنیں بیٹیاں ، بچے ، جوان اور بوڑھے قربانیاں پیش کررہے ہیں ہمیں ان قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھتے ہوئے تحریک آزادی کشمیر کی تکمیل کیلئے بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کی موجودہ حکومت کو چاہیے کہ وہ بہتر طریقے سے مسئلہ کشمیر اجاگر کرے، صدر ریاست ناچ گانوں کی محفلوں میں جانے سے گریز کریں اس سے مقبوضہ کشمیر اچھا پیغام نہیں جاتا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں بچوں پر پیلٹ اور بلٹ کا استعمال بھارتی درندگی کا منہ بولتا ثبوت ہے، اقوام عالم کو سنجیدہ ہو کر مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا۔ چیئرمین جموں کشمیر پیس اینڈ جسٹس فورم تنویر الاسلام نے کہا کہ ہندوستان جیسے مکار دشمن نے مقبوضہ کشمیر میں آگ اور خون کی ندیاں بہا رکھی ہیں جو عالمی امن کے دعویداروں کی خاموشی پر سوالیہ نشان ہے، کشمیری الحاق پاکستان کے داعی ہیں اور ہر قیمت پر بھارت سے آزادی حاصل کر کے رہیں گے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین وانی نے کہا کہ یہاں کے بچوں اور بچیوں کی مقبوضہ کشمیر کے بچوں اور بچیوں کیساتھ اظہار ہمدردی کو دیکھ کر یقین کامل ہے مقبوضہ کشمیر بھارتی چنگل سے جلد آزاد ہو گا۔ ہم اپنے عظیم کشمیری عوام کو نہیں بھول سکتے جو آزادی آزادی کرتے ہوئے بھارتی گولوں اور گولیوں کا نشانہ بنے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ نذیر احمد نے کہا کہ بھارت غاصب اور جارح ملک ہے جس نے مقبوضہ کشمیر میں اپنا جابرانہ قبضہ کررکھا ہے ، کشمیری پاکستان کیساتھ الحاق کرچکے انشاء اللہ جلد مقبوضہ کشمیر کے عوام کو آزادی نصیب ہوگی۔ بچے نصاب سے ہٹ کر بھی کسی کامیاب مصنف کی کتاب ضرورپڑھیں۔ اس موقع پرمحمد اقبال میر نے کہا کہ مقبوضہ جموں کشمیر کے بچوں اور بچیوں سے اظہار یکجہتی اسی میں ہے کہ زیادہ توجہ تعلیم پر مرکوز کی جائے اور پڑھ لکھ کر اپنے اپنے شعبہ میں نمایاں خدمات کیساتھ ساتھ تحریک آزادی کشمیر کیلئے کردار ادا کیا جائے، مقبوضہ جموں کشمیر اور آزادکشمیر کے عوام پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں، پاکستان کشمیریوں کا وکیل ہے ، مضبوط و مستحکم پاکستان کشمیریوں کی آزادی کا ضامن ہے اور ہم وزیراعظم پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے زیادہ سے زیادہ کردار ادا کیا جائے کشمیریوں کی منزل پاکستان ہے ، بھارت طاقت کے نشے میں مست ہو کر مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی نسل کشی میں مصروف ہے اور اپنے قبضہ کو برقرار رکھنے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے اپنا رہا ہے اور ان مظالم کو ہر حال میں روکنے کیلئے عالمی برادری کو خاموشی توڑنی ہوگی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین سیاسی ، سماجی شخصیات کے علاوہ ننھے منے بچوں نے بھی مقبوضہ کشمیر کے بچوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیا اور قوام متحدہ، یورپی یونین، او آئی سی سمیت انسانی حقوق کی تمام تنظیموں کو پیغام دیا کہ شہدائے کشمیر کی قربانیوں کے طفیل ظلم کے پہاڑ ایک دن ضرور ٹوٹ جائیں گے اور کشمیری آزادی حاصل کر کے رہیں گے لیکن تمہارا دوہرا معیار ہمیں کبھی نہیں بھولے گا۔ اس موقع پر مقبوضہ کشمیر کے شہید بچوں کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔