ونڈ انرجی پر دوسری عالمی کانفرنس 22نومبر کو کراچی میں ہوگی

ونڈ انرجی پر دوسری عالمی کانفرنس 22نومبر کو کراچی میں ہوگی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)دوسری عالمی ونڈ انرجی سمٹ22نومبر کو کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوگی۔ انرجی اپ ڈیٹ کے تحت ہونے والی یہ سمٹ انرجی ڈیپارٹمنٹ سندھ، آلٹرنیٹیو انرجی ڈیولپمنٹ بورڈ، سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ اور ورلڈ ونڈ انرجی ایسوسی ایشن جرمنی کے اشتراک سے منعقد کی جائے گی۔ چیئرمین آرگنائزنگ کمیٹی محمد نعیم قریشی نے گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں ایونٹ کی افتتاحی تقریب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس ایونٹ کا مقصد ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے شعبے میں پیش رفت ، ملک اور بالخصوص سندھ میں ونڈ انرجی کا مستقبل، اس سے متعلق مسائل ، سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ حکومت سندھ اور حکومت پاکستان کی کوششیں کامیاب ہو رہی ہیں اس وقت 15ونڈ پروجیکٹ 700میگا واٹ سے زائد بجلی پیدا کر رہے ہیں اور 7موجودہ منصوبوں کے علاوہ 10اور منصوبے اگلے چھ ماہ میں شروع ہو رہے ہیں۔ نعیم قریشی نے بتایا کہ اس کانفرنس میں وزیر ممکت برائے توانائی عابد شیر علی مہمان خصوصی ہوں گے جبکہ چیف ایگزیکٹیو اے ای ڈی بی امجد علی اعوان، سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ کی چیئرپرسن ناہید میمن ، سربراہ ڈاکٹر پیٹرک، ایف ایف سی کے پروجیکٹ منیجر عمران شاہ، ڈنمارک کے ایمبیسڈر ولف مائیکل، سیمنس گمیسا کے سی ای او الویرو بلباؤ، لہمیئر انٹرنیشنل کے ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ ونڈانرجی ڈاکٹر انگ پیٹرک کلیئنی ڈیم،ٹپال ونڈ انرجی کے مصطفی ٹپال، ونڈ انرجی ایسوسی ایشن کے صدر دانش اقبال، ہوا انرجی کے سی ای او فرحان لودھی، سلطان فاروق، عابد لطیف کھوکھر، چیف ایگزیکٹیو سینٹرل پاور پرچیزنگ اتھارٹی و سٹیاس کے سینئر منیجرعمران شفیق، ڈیسکون انجینئرنگ کے سنیئر منیجر سید مصطفی شاہ، سندھ ٹرانسمیشن ڈسپیچ کمپنی کے سربراہ ریحان حامد اور ،متبادل توانائی ڈیپارٹمنٹ سندھ کے ڈائریکٹر محفوظ قاضی بحیثیت مقرر شرکت کریں گے۔ اس کانفرنس کیلئے سیمنس گمیسا ،وسٹاس انٹرنیشنل، ڈیکسون انجینئرنگ، زورلو انرجی، سفائر پاکستان، او ایم ایس ، ال باریو انجینئرنگ ، اے بی بی پاکستان اور دیگر اداروں نے تعاون کیا ہے۔ نعیم قریشی نے بتایا کہ یہ کانفرنس ونڈ انرجی کی ترقی، مستقبل کی بہتر منصوبہ بندی ، سرمایہ کاری اور مسائل کے حل اور بہتر ٹیکنالوجی اور روزگار کی فراہمی ، جھمپیر اور گھارو میں سماجی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کرے گی۔

مزید : کراچی صفحہ آخر