نواز شریف مستقبل کے ہر الیکشن میں عوام کا انتخاب ہونگے،بلال اعجاز

نواز شریف مستقبل کے ہر الیکشن میں عوام کا انتخاب ہونگے،بلال اعجاز

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما اور سابق امیدوار قومی اسمبلی میاں بلال اعجاز شفیع نے کہا ہے پاکستان کے محبوب ترین رہنما میاں محمد نواز شریف کی مخالفت کرنے والے تیزی سے اپنے سیاسی انجام کی طرف بڑھ رہے ہیں . دلوں پر حکمرانی کرنے والی میاں محمد نواز شریف کی شخصیت کا متبادل کئی صدیوں تک ملنا ناممکن ہوگا. پاکستان کی سیاست میں ملک و قوم کی خدمت اور ریاست کے وقار کے لئے میاں محمدنواز شریف کی خدمات دنیا کی سیاست کا نصاب بنے گی. پاکستان کی تاریخ لکھنے والے مؤرخ دنیا کی تاریخ میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کی قیادت جیسی رہنمائی کی ایک مثال بھی نہیں ڈھونڈ سکیں گے. مشرف آمریت کے سامنے کاروباری ، سیاسی اور خاندانی وسائل کی قربانی دینے والے اعجاز شفیع مرحوم جیسے وفاداروں کی طویل فہرست میاں محمد نواز شریف کی سیاسی سوچ کو کبھی کمزور نہیں پڑنے دیں گے. میاں بلال اعجاز شفیع نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی تمام حکومتوں نے عوام کے مفادات ، ریاست کی بقا ، سلامتی اور تحفظ کے لئے ایسی بے مثال خدمات انجام دی ہیں جو ہر پاکستانی کے دل و دماغ پر نقش ہوچکی ہیں. میاں محمد نواز شریف کے پہلے دور حکومت سے موجودہ حکومتی مدت تک پاکستان مسلم لیگ(ن) نے بے شمار سازشوں، کا سامنا کیا اور بدستور کرتی چلی جا رہی ہے لیکن ہماری جماعت ہر سازش کے بعد ماضی کی نسبت زیادہ قوت سے اقتدار میں آنے کے بھی نئے ریکارڈ قائم کرتی چلی آرہی ہے. میاں بلال اعجاز شفیع نے کہا پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما اور منتخب اراکین پارلیمنٹ دنیا کی تاریخ کے تجربہ کار اور منجھے ہوئے پارلیمنٹیرین ہیں جن کا کردار ملکی سیاست میں ایک ادارے کی حیثیت اختیار کرچکا ہے. پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سازشی مخالفین کے اقتدار تک پہنچنے کے خواب میاں محمدنواز شریف کے ساتھیوں کی لازوال وفاداری کی وجہ سے ڈراؤنے خواب بن چکے ہیں. پاکستان مسلم لیگ(ن) قائد میاں محمد نواز شریف کی رہنمائی میں پاکستان کے سیاسی منظر پر اپنا کردار آنے والی کئی دہائیوں تک ادا کرتی رہے گی.

مزید : کراچی صفحہ آخر