کراچی،کورنگی میں آئل ٹینکر مکان سے ٹکرا گیا،خاتون جاں بحق،7 افراد زخمی
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)کراچی کے علاقے کورنگی عوامی کالونی میں تیز رفتار آئل ٹینکر بے قابو ہو کرمکان سے ٹکرا گیا ، جس کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق اور 7 افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق تیز رفتار خالی آئل ٹینکر ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر مرکزی سڑک سے سروس روڈ پر چڑھتا ہوا ایک گھرسے جا ٹکرایا، جس کے نتیجے میں گھر کی دیوار گرنے سے 8 افراد ملبے تلے دب گئے،زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے 20 سالہ نورین جاں بحق ہوگئی۔
اہل علاقہ کا کہنا تھا کہ ٹینکر دیوار سے ٹکرانے کی وجہ سے زوردار دھماکا ہوا، خوش قسمتی سے ٹینکر خالی تھا جس کے باعث مزید نقصان نہیں ہوا،واقعے کے بعد آئل ٹینکر کا ڈرائیور ٹینکر چھوڑ کر فرار ہوگیا،دوسری جانب گھر میں گھسنے والے آئل ٹینکر کو نکالنے کےلئے ٹریفک پولیس کی مشینری طلب کرلی گئی جبکہ عوامی کالونی پولیس نے ذمہ دار ڈرائیور اور ٹینکر مالک کی تلاش بھی شروع کردی۔