کے الیکٹرک اور SZABIST کے درمیان شراکت داری

کے الیکٹرک اور SZABIST کے درمیان شراکت داری

کراچی(اسٹاف رپورٹر) کے الیکٹرک کی جانب سے ماحولیاتی استحکام کو فروغ دینے کی کوششوں کے تسلسل میں ’پلانٹ فار پاکستان‘ پروگرام کے تحت شہید ذوالفقار علی بھٹو انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (SZABIST)میں شجر کاری مہم کا انعقاد کیا گیا۔ اس مہم کے دوران سینکڑوں طلباء و طالبات نے شرکت کی اور ہر طالب علم نے ایک درخت لگانے اور اس کی دیکھ بھال کرنے کا عہد کیا۔ان کی اجتماعی کوششوں سے 400 پودے لگائے گئے اور200سے زائد پودے تقسیم کیے گئے ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ گزشتہ برس موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے کے الیکٹرک کی پالیسی کے تحت ’پلانٹ فار پاکستان‘ مہم کے آغازسے اب تک 70,000درخت لگائے جا چکے ہیں۔کے الیکٹرک کے ترجمان کے مطابق،’’ ہم نوجوانوں کی سرسبز ماحول کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرنے کیلئے حوصلہ افزائی کرنے اورانہیں اجتماعی طور پرماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے کا موقع فراہم کرنے کے مقصد کے تحت SZABIST کے ساتھ شراکت داری پر بے حد خوش ہیں۔کے الیکٹرک کی ’پلانٹ فار پاکستان‘ مہم کمیونٹی کو ماحول کی حفاظت کیلئے اجتماعی کوششوں کویقینی بنانے کا موقع فراہم کرنے کے علاوہ ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار ترقی کے اقدار کو مزید مضبوط بناتی ہے۔اس مہم کے دوران زیبسٹ کے طلبا و طالبات میں پایا جانے والا جوش و خروش ہمیں ماحولیاتی تحفظ اور استحکام کے حوالے سے اپنی کوششیں مزید تیزی سے جاری رکھنے کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔‘‘اس موقع پر SZABIST کے ترجمان نے کہا،’’ہم کے الیکٹرک کے اس اقدام پر بے حد شکرگزار ہیں جو اس نے طلبا و طالبات کو سرسبز زندگی گزارنے کی اہمیت کے حوالے سے تربیت فراہم کرنے کیلئے اٹھایا ہے ۔ اس ایونٹ کے انعقاد نے طلباء و طالبات کوسیکھنے کا موقع بھی فراہم کیا۔ہم کے الیکٹرک کی جانب سے مستقبل میں مزید تعاون اور ایسے اقدامات کی امید رکھتے ہیں۔‘‘ادارہ صحت کے بڑے فلاحی مراکز اور تعلیمی اداروں کے ساتھ سماجی شراکت داری کے ذریعے ہر سال 39لاکھ افراد کی زندگیوں میں مثبت کردار اداکرتا ہے۔ کے الیکٹرک نے نوجوان نسل کو صحت بخش سرگرمیوں میں مصروف رکھنے کے لیے بڑے پیمانے پراسپورٹس ایونٹس بھی منعقد کیے ہیں تاکہ ان کو پیشہ وارانہ مواقع مل سکیں اور طلباء کی مختلف سرگرمیوں میں حوصلہ افزائی کی جاسکے ۔رواں سال کے آغاز میں کے الیکٹرک نے ’پلانٹ فار پاکستان‘ پروگرام کے تحت این ای ڈی یونیورسٹی کے ساتھ شراکت داری کی تھی جس میں6000سے زائد پودے تقسیم کرنے کے علاوہ 300سے زائد پودے لگائے گئے تھے۔

مزید : کراچی صفحہ آخر