رسول کریم کی ولادر یا سعادت پر خوشی کا اظہار آپؐ سے تعلق پختگی کا مظہر ہے : محمود خان

رسول کریم کی ولادر یا سعادت پر خوشی کا اظہار آپؐ سے تعلق پختگی کا مظہر ہے : ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور( سٹاف رپورٹر) خیبرپختونخواکے وزیر اعلیٰ محمود خان نے کہاہے کہ حضور نبی رحمت ﷺکی ولادت با سعادت پر خوشی کا اظہار آپؐ سے تعلق کی پختگی کا مظہر ہے۔حضور نبی کریم ؐاس اُمت پر اﷲ تعالیٰ کا احسان عظیم اور خاتم رسالت و نبوت ہیں۔ آپ کی تعظیم و توقیر ہر مسلمان پر لازم ہے عقیدہ ختم نبوت پر ہی ایمان کی عمارت کھڑی ہوتی ہے ۔آج تک جس نے جب بھی عقیدہ ختم نبوت کو چھیڑنے کی مذموم کوشش کی ذلت و رسوائی اس کا مقدر بنی ۔خاتم النبینؐ کی محبت ایمان کا بنیادی تقا ضا اور آپؐ کا اسوہ حسنہ تمام بنی نوع انسان کیلئے عملی نمونہ ہے۔عیدمیلادالنبیؐکے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے خیبرپختونخوااورپاکستان کے عوام کے ساتھ ساتھ پوری امت مسلمہ کومبارکباددیتے ہوئے کہاکہ حضور نبی کریم ؐ کی آمد پر پوری دُنیا میں ایک جشن کا سماں ہوتا ہے ہم اس نعمت عظمیٰ پر جس قدر بھی خوشی اور تشکر کا اظہار کریں اس کا حق ادا نہیں کر سکتے ۔آپ ؐ نے ہمیشہ انسانیت کی تکریم و محبت ، عفو و درگذر، عدل و انصاف کی بالادستی اور ظلم کے خاتمے کا درس دیا ہے۔ آپ ؐ کاخطبہ حجتہ الوداع ایسامنشور ہے جو رہتی دنیاتک نہ صرف مسلمانوں بلکہ دنیابھرکے انسانوں کی رہنمائی کاسرچشمہ ہے وزیراعلیٰ نے کہاکہ یہ رحمت عالمؐ کی تعلیمات کاکرشمہ تھاجس نے سب کو ایک صف میں کھڑاکرکے آقاوغلام کافرق مٹادیااور بلاامتیازرنگ و نسل فلاح انسانیت کاپابند بنادیاجس کی بدولت اسلام دنیا کے کونے کونے تک پھیل گیا ۔انہوں نے کہاکہ محسن انسانیت کایہ انقلاب انسانی تاریخ میں اپنی مثال آپ ہے۔ آپؐ انسانیت کے نجات دہندہ اورحقیقی محسن ہیں وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہمیں کامیابی کیلئے اپنی زندگیوں میں امانت ،دیانت ،خیرخواہی اوراسلامی بھائی چارے کوفروغ دینا ہو گاباہمی اتحاداورقومی یکجہتی موجودہ حالات کااولین تقاضاہے۔ انہوں نے کہاکہ حقیقی اسلامی فلاحی مملکت کے قیام کیلئے اسوہ حسنہ کی روشنی میں ظلم کے خلاف آواز بلند کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ پاکستان تحریک انصاف نے ظلم و ستم کے خاتمے اور کرپشن سے پاک معاشرے کے قیام کیلئے تبدیلی کانعرہ بلندکیاہے صوبائی حکومت نے تحریک انصاف کے تبدیلی کے منشور کے تحت خیبرپختونخوا میں شفاف نظام کی ٹھوس بنیادیں رکھ دی ہیں۔نظام کی شفافیت کی اس جدوجہدعظیم میں زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کاتعاون ضروری ہے ۔ محمود خان نے کہا کہ ریاست مدینہ کے سنہری اُصولوں کو اپناتے ہوئے ایک ترقیافتہ اسلامی فلاحی معاشرے کا قیام یقینی بنایا جا سکتا ہے ۔
پشاور( سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے حکومت کی کفایت شعاری و سادگی مہم کیلئے کمر مزید مضبوط کرنے ، ہرسطح پر مالی نظم و ضبط برقرار رکھنے ، وسائل کے ضیاع اور غیر ضروری استعمال کی حوصلہ شکنی کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ کفایت شعاری مہم کے ذریعے حاصل ہونے والے وسائل کو عوامی مفاد ، اداروں کی مضبوطی اورگورننس اور سماجی شعبوں دونوں کی بہتری کیلئے بروئے کار لایا جائے گا۔ وسائل کا ضیاع اور بے ہنگم و بے سود اخراجات ماضی کا حصہ بن چکے ہیں، اُن کی حکومت صوبائی خزانے کی ایک ایک پائی کا عوامی فلاح و بہبود میں استعمال یقینی بنائے گی ۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزراء شہرام خان ترکئی، تیمو ر سلیم جھگڑا، اشتیاق ارمڑ ، اکبر ایوب ، چیف سیکرٹری نوید کامران بلوچ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہزاد بنگش ، سیکرٹری خزانہ شکیل قادر خان، سیکرٹری توانائی سلیم خان اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ وزیراعلیٰ نے صوبائی حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے اور پی ٹی آئی کو وراثت میں ملے محدود وسائل اور لامحدودمسائل پر روشنی ڈالی اور کہاکہ ماضی میں وسائل کے بے دریغ استعمال اور حکمرانوں کی شاہ خرچیوں کی وجہ سے عوامی پسماندگی اور محرومی میں بے حد اضافہ ہوا۔ اس تشویشناک صورتحال سے قوم کو نکالنے کیلئے کفایت شعاری کی مہم شروع کی گئی ہے ۔ محمود خان نے کہاکہ وہ ہر سطح پر سادگی اور کفایت شعاری یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کی ہدایت پہلے سے جاری کر چکے ہیں۔ انتظامی اور آپریشنل سطح پر غیر ضروری اخراجات پر کامیابی سے قابو پایا جا چکا ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ سادگی مہم کے نتیجے میں حاصل ہونے والی بچت ضرورت کی بنیاد پر صوبے کے مفاد اور عوامی خوشحالی کیلئے خرچ کی جائے گی ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اُن کی حکومت اگلے پانچ سالوں کیلئے صحیح سمت کا تعین کر چکی ہے جو 100 روزہ ایجنڈے کا حصہ تھی ۔ صوبائی حکومت صوبے کے مختلف علاقوں میں پائے جانے والے مختلف نوعیت کے قدرتی ذخائر کی ترقی اور استعمال کی قابل عمل منصوبہ بندی کر چکی ہے ۔ صوبے کے جنوبی اضلاع میں قدرتی وسائل کی ترقی سمیت وہاں کی وسیع و عریض بنجر اراضی کو زیر کاشت لاکر زرعی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ہو سکتا ہے۔صوبے کے شمالی اضلاع کے بھی اپنے وسائل ہیں جن کو ایکسپلور کرنے اور اُنہیں استعمال میں لانے پر توجہ دی جائے گی ۔ صوبائی حکومت ان خطو ط پر پہلے سے کام کر رہی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ اُن کی حکومت ہزارہ اور ملاکنڈکی ترقی کیلئے بھی پر عزم ہے جہاں سیاحت کی بے پناہ استعداد موجود ہے ، جس کو ترقی دینے کی ضرورت ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ مذکورہ شعبوں پر توجہ مرکوز کرنے کا بنیادی مقصد یہی ہے کہ نوجوانوں کو پیداواری شعبوں میں شامل کیا جائے ۔ اس طریقے سے وہ صوبے کی ترقی اور خوشحالی میں کردار ادا کرنے کے قابل ہوں گے اور دوسری طرف متعلقہ علاقوں کے وسائل کے نتیجہ خیز استعمال کا راستہ بھی ہموار ہو گا۔ ان سرگرمیوں کی وجہ سے بیروزگار وں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے ۔ تجارتی اور کمرشل سرگرمیوں میں تیزی آئے گی اور پیداواری شعبوں کی برآمدت میں اضافہ ہو گا۔ اس مجموعی عمل سے بلاشبہ صوبے کی مالی بنیاد کو استحکام ملے گا۔ معیشت مضبوط ہو گی اور عوامی فلاح و ترقی میں مدد حاصل ہو گی ۔ محمود خان نے یقین دلایا کہ اُن کی حکومت عوام کو درپیش بنیادی مسائل کو کسی صورت نظر انداز نہیں کرے گی ۔ عوام کو انصاف اور حق کی فراہمی ، میرٹ کی بالاد ستی اور حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔ یہ کوشش عدل و انصاف پر مبنی معاشرے کی تشکیل یقینی بنائے گی ایک ایسا معاشرہ جس میں خدمات کی فراہمی کا موثر نظام موجود ہو گااور کسی کی حق تلفی نہیں ہو گی ۔ سب کو ترقی اور خوشحالی کے یکساں مواقع اور حقوق میسر ہوں گے ۔ پہلے کی طر ح امیر اور غریب کیلئے الگ الگ قوانین نہیں ہوں گے بلکہ سب کیلئے یکساں قانون ہو گا۔ اُن کی حکومت اصلاحاتی نظام کے تحت سب کو یکساں میدان فراہم کرے گی ۔