ملک کو کرپشن سے زیادہ امریکی جنگ نے نقصان پہنچایا،اسفند یار

ملک کو کرپشن سے زیادہ امریکی جنگ نے نقصان پہنچایا،اسفند یار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور (آن لائن )عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ ملک کو کرپشن سے زیادہ امریکی جنگ نے ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے اور امریکی صدر کو صفائیاں دینے کی بجائے پہلے قوم کو آگاہ کیا جائے کہ ملکی سالمیت کو ڈالرز کے عوض داؤ پر لگانے میں کون سے محرکات ملوث ہیں ،پاکستان اور امریکہ کے درمیان جاری لفظی گولہ باری پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوءئے انہوں نے کہا کہ مسلط وزیر اعظم کو سب سے پہلے اس حوالے سے تحقیقات کرنی چاہئے کہ ملک و قوم کو کس نے امریکی جنگ میں دھکیلا ، انہوں نے کہا کہ کابینہ میں شامل کئی وزراء اس تلخ حقیقت سے بخوبی آ گاہ ہیں البتہ ان کے منہ سے امریکی جنگ کے ذمہ داران کا نام نہیں نکل رہا ،انہوں نے کہا کہ زرداری دور سے پیچھے جا کر تاریخ کے اوراق پلٹنے سے تلخ حقائق سے پردہ اٹھے گا اور معلوم ہو جائے گا کہ ملک کی تباہی کے ذمہ دار کون سے عناصر ہیں ، اسفندیار ولی خان نے کہا کہ موجودہ صورتحال انتہائی مایوس کن ہے امریکہ اپنے ڈالرز اور ہمارے گمشدہ افراد کے ورثا اپنے پیارے مانگ رہے ہیں۔دریں اثناء وزیر اعظم عمران خان کے یوٹرن کے بیان پر اپنارد عمل دیتے ہوئے عوامی نیشنل پارٹی کے قائم مقام مرکزی صد ر حاجی غلام احمد بلورنے کہا ہے کہ سیاست ملک و قوم کی خدمت کا نام ہے اور اس کیلئے با اصول ہونا ضروری ہے ، یوٹرن لینے والوں کو صرف ذاتی مفادات مقدم ہوتے ہیں وہ قوم اور انسانیت کی خدمت کا ادراک نہیں کر سکتے۔یوٹرن لینے والے کو لیڈر تسلیم کرنا تو کیا لوگ ہاتھ ملانا پسند نہیں کرتے،ہمارے معاشرے میں یوٹرن لینے والے کو لوگ نہ دین اور نہ ایمان جیسے القابات دیتے ہیں ۔ا نہوں نے کہاکہ اخلاقیات میں سب سے کمتر انہیں جانا جاتا ہے جو اپنی زبان پر قائم نہیں رہتے اور عمران خان نے سیاست میں جھوٹ ،فریب،بے ایمانی اور دغا بازی کو فروغ دیا۔انہوں نے کہا کہ قائد اعظم سمیت تمام با اصول سیاستدانوں نے اصولی سیاست کی اور کبھی اپنے ارادے متزلزل نہیں ہونے دیئے ،اصولی سیاست کی راہ میں کئی رکاوٹیں اور صعوبتیں ہیں جن سے عمران خان گھبراتے ہیں اور اسی وجہ سے یوٹرن کی سیاست کو فروغ دیا جا رہا ہے۔