دبئی جانے والے آدمی کو نئی محبت مل گئی تو اس کی محبوبہ نے آدمی کی بریانی بنا کر محلے والوں کو کھلادی، ناقابل یقین خبر آگئی
دبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) محبوب یا محبوبہ کی بے وفائی پر بسااوقات مردوخواتین انتقامی ہتھکنڈے تو استعمال کرتے ہیں لیکن دبئی میں ایک مراکشی لڑکی نے اپنے ہم وطن محبوب کی بے وفائی پر ایسا ہولناک کام کر ڈالا ہے کہ سن کر ہی انسان کانپ اٹھے۔ میل آن لائن کے مطابق اس لڑکی اور اس کے بوائے فرینڈ کا تعلق گزشتہ 7سال سے تھا۔ کچھ عرصہ قبل لڑکے کو نئی لڑکی مل گئی اوراس نے پرانی محبوبہ سے کہا کہ وہ اس نئی لڑکی سے شادی کرنے جا رہا ہے۔
محبوب کی اس بے وفائی پر لڑکی مشتعل ہو گئی اور اسے العین کے علاقے میں واقع اپنے گھر میں قتل کرکے اس کا قیمہ کیا اور اس سے بریانی پکا کر محلے والوں کو کھلا دی۔ پولیس آفیسرز کا کہنا ہے کہ لڑکی نے بلینڈر کے ذریعے لڑکے کی لاش کا قیمہ کیا۔ مکبوس (عرب دنیا کی پسندیدہ ڈِش، جو بریانی سے مشابہہ ہوتی ہے)بنا کر محلے میں رہنے والے غیرملکی ورکرز کو کھلا دی جن میں بڑی تعداد پاکستانیوں کی تھی۔
رپورٹ کے مطابق مقتول کے بھائی نے اس کی گمشدگی پر پولیس کو رپورٹ کی جس نے تلاش کے دوران قاتل لڑکی کے گھر کی تلاشی لی تو بلینڈر میں پھنسا ہوا مقتول کا ایک دانت مل گیا، جس سے قاتل پکڑی گئی۔ دانت کے ڈی این اے ٹیسٹ سے مقتول کی شناخت بھی ہو چکی ہے۔ لڑکی اس وقت پولیس کی حراست میں ہے جس سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش مکمل ہونے کے بعد اسے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔