وزیر اعظم نے اپنی بہن کو چپکے سے این آر او دیدیا :نفیسہ شاہ کا الزام
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)پیپلز پارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ نے کہاہے کہ عمران خان نے اپنی بہن کو چپکے سے این آر اودیدیا ہے ، وزیر اعظم نے دوسرے ملک میں جا کر اپنے ملک کی اپوزیشن کونشانہ بنایا ۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”آن دا فرنٹ“ میں گفتگو کرتے ہوئے نفیسہ شاہ نے کہا کہ عمران خان نے اپنی بہن کو چپکے سے این آر او دیدیا ہے ، انہوں نے کہا کہ اگر چہ عمران خان منی لانڈرنگ کے حوالے جو کام کررہے ہیں وہ اچھا کام ہے لیکن جو باتیں عمران خان نے ملائیشیامیں کی ہیں ان پر ہم کوبہت زیادہ اعتراض ہے کیونکہ عمران خان نے ایک دوسرے ملک میں جاکر اپنے ملک کی اپوزیشن کو نشانہ بنایا ہے اور یہ کام وہ اس سے پہلے چین جاکر بھی کرچکے ہیں۔نفیسہ شاہ نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن میں غریبوں کے مکان اور دکانیں گرادی گئی ہیں سوائے عمران خان کے جن کا گھر ریگو لرائز کرنے کا کہا گیاہے ۔ انہوں نے کہا کہ علیمہ خان کے بارے میں کہا جاتاہے کہ وہ کسی پبلک آفس میں نہیں رہیں لیکن پوچھنا چاہئے کہ مریم نواز ، حسن اور حسین نوازنے کونسا پبلک آفس ہولڈ کیاہے ؟انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی دلیل دی جائے تو سوال اٹھانا شروع کردیتے ہیں۔