کرپشن سے جان چھڑانا ضروری لیکن حکومت چند سیاستدانوں کے پیچھے لگی ہوئی ہے :طارق فضل چودھری
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)مسلم لیگ ن کے رہنما طارق فضل چودھری نے کہاہے کہ اعظم سواتی کے معاملے پر ریاست کوچیف جسٹس کے نوٹس کا انتظار نہیں کرناچاہئے تھا ، ریاست مدینہ ماڈل تو دور کی بات ہم تو اس کے قریب بھی نہیں ہیں۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”آن دا فرنٹ “ میں گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چودھری نے کہا کہ مدینہ کی ریاست پوری دنیا کیلئے رول ماڈل تھا جو آج بھی دنیا کے لئے مشعل راہ ہے ۔ ریاست مدینہ ماڈل تو دور کی بات ہم تو اس کے قریب بھی نہیں ہیں، اعظم سواتی کے معاملے پر تو چیف جسٹس نے نوٹس لیا ہواہے ، یہ تو ریاست کوچاہئے تھا کہ نوٹس لیتی ، حکومت کواس حوالے سے انتظار نہیں کرنا چاہئے تھا کہ چیف جسٹس نوٹس لیں اور اس پر جے آئی ٹی بنے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم شفاف اور بے لاگ احتساب کے حق میں ہیں ، اس وقت ملک میں احتساب نہیں ہورہا بلکہ احتساب کا پرچار ہورہا ہے ، اس وقت مخصوص احتساب ہورہاہے اور سیاسی انتقام لیا جارہاہے ، کرپشن ہمارا سب سے بڑا مسئلہ ہے اور اس سے جان چھڑانا ضروری ہے لیکن حکومت چند سیاستدانوں کے پیچھے لگی ہوئی ہے ۔