وزیر اعظم عمران خان بیرونی دوروں میں لوگوں کی برائیاں کر کے ملک کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں: سینیٹر جاوید عباسی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر جاوید عباسی نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ ہمارے ملک میں بد ترین کرپشن کی گئی ہے لیکن اگرگھر کا سربراہ باہر جا کر اپنوں کی ہی برائی کرے تو ہر کوئی اس گھر کی برائی کرے گا،وزیر اعظم عمران خان بیرونی دورں پر بھی ملک کے لوگوں کی برائیاں کر رہے ہیں جس سے ملک کا بہت منفی تاثر جا رہا ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر جاوید عباسی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظمعمران خان نے اقتدار میں آنے کے بعد ڈالرز کی بارش ہونے کا دعویٰ کیا تھا لیکن اب حکومت کو آئے سو دن ہو چکے ہیں اورکوئی تبدیلی نظر نہیں آ رہی۔انہوں نے کہا کہ بطور وزیر اعظم عمران خان اقتدار میں ہیں، بدعنوان لوگوں کو ضرور پکڑ کر سزا دیں لیکن دوسرے ممالک میں پاکستان کے خلاف باتیں کرکے ملک کا منفی تاثر نہ دیں۔انہوں نے کہا کہ بڑے دکھ کی بات ہے کہ وزیر اعظم عمران خان جس ملک میں بھی جاتے ہیں وہاں جا کر بتاتے ہیں کہ پاکستان میں سب چور اور ڈاکو رہتے ہیں ،پاکستان میں وہ لوگ ہیں جو منی لانڈرنگ کرتے ہیں ،عمران خان نے دنیا بھر میں پاکستان کا امیج اور لوگوں کو زلیل و خوار کرنے کا ٹھیکہ اٹھایا ہوا ہے اور صرف وہ کام اس لئے کر رہے ہیں کہ ان کی اپنی ناکامیاں چھپ جائیں،وہ 100 دنوں میں ہی بری طرح ناکام ہو گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اللہ اس تکبر سے بچائے لیکن وزیر اعظم عمران خان کا بس چلے تو ہر سیاسی کارکن کا مستقبل جیل ہی ہو ،ان کے پاس کوئی حقائق نہیں ،100 دن ہونے والے ہیں کوئی ایک بھی کام اور دعوی پورے نہیں ہوئے ،عمران وزیر اعظم ہیں وہ کس سے ڈیمانڈ کر رہے ہیں ؟جس نے بھی کرپشن کی ہے اسے لٹکائیں،سزائے موت دیں اور جو بھی کر سکتے ہیں وہ کریں لیکن دنیا میں ملک کو بدنام نہ کریں۔