میر عبد القدوس بزنجو مستعفی ہوتے ہیں تو یہ ان کا جمہوری حق ہے :سینیٹر سرفرا ز بگٹی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)سابق وزیر داخلہ بلوچستان سینیٹر سرفراز بگٹی نے کہاہے کہ میر عبد القدوس بزنجو اگر مستعفی ہوتے ہیں تو یہ ان کا جمہوری حق ہے ، بلوچستان عوامی پارٹی بہت مضبوط ہے اور پارٹی میں ٹوٹ پھوٹ کا کوئی خطرہ نہیں ہے ۔
جیونیوز کے پروگرام ” آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے سرفراز بگٹی نے کہا کہ ہم نے بلوچستان عوامی پارٹی بنائی جو بہت تھوڑے وقت میں بہت مضبوط پارٹی بن کر ابھری ہے ، انہوں نے کہا کہ سیاسی پارٹیوں میں چھوٹے چھوٹے اختلافات ہوتے رہتے ہیں لیکن بلوچستان عوامی پارٹی بہت مضبوط ہے اور ٹوٹ پھوٹ کا کوئی خطرہ نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ ذاتی طور پر سیاست میں کوئی طاقتور نہیں ہوتا بلکہ جماعت اور ساتھیوں سے ہی آدمی مضبوط ہوتاہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ساتھ بہت سے سینئر لوگ موجود ہیں اور ایک اختلاف سے پارٹی میں کوئی تقسیم نہیں ہے ،عبد القدوس بزنجواگر سپیکر بلوچستان اسمبلی کے عہدے سے مستعفی ہوتے ہیں تو یہ ان کا بنیادی حق ہے جس کے استعمال سے کوئی ان کو رو ک نہیں سکتا ، پارٹی کے فورم پر ابھی عبدالقدوس بزنجو کے حوالے سے کوئی بات نہیں آئی اور اگر آئے گی تو مل بیٹھ کر یہ مسائل حل کئے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میری عبد القدوس بزنجو سے پچھلے تین ماہ سے بات نہیں ہوئی ہے ۔