حکومت کودوست ممالک سے جوملا سب نے دیکھ لیا ، ملک اس طرح نہیں چلتے:اسحاق ڈار
لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن) سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہاہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کے پاس کوئی پلان نہیں ہے ،مسلم لیگ ن نے بھی پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں لئے گئے قرضے واپس کرنے کیلئے قرض لیا تھا ، حکومت کو دوست ممالک سے جوملا سب نے دیکھ لیا ، ملک اس طرح سے نہیں چلتے ۔
دنیا نیوز کے پر وگرام ”دنیا کامران خان“ اسحاق ڈار نے کہاہے کہ آئی ایم ایف سے ہمارا لین دین رہاہے لیکن کسی پاکستانی حکومت کو آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام فائنل کرنے میں اتنا عرصہ نہیں لگا جتنا موجودہ حکومت کو عرصہ لگ رہاہے ۔ انہوں نے کہا کہ اتنا وقت تو مشرف حکومت نے بھی نہیں لیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے آئی ایم ایف میں جانے کیلئے بہت سے دن ضائع کئے ہیں، آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام جنوری میں کیوں جارہاہے ؟ انہوں نے کا کہ جب مسلم لیگ ن نے حکومت سنبھالی تو اس وقت ہماری تیاری تھی اور ہم نے اپنے مقاصد جو حاصل کرنے تھے ، ان کا اعلان کردیا تھا ، پہلی بار ہماری حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام مکمل کیا تھا ، ہم نے بھی پیپلز پارٹی کے دور میں قرضے واپس کرنے کیلئے قرض لیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی تیاری ہونی چاہئے تھی کہ پیسے کہاں سے لینا ہیں، حکومت کودوست ممالک سے جو ملا ہے وہ سب نے دیکھ لیاہے ، ملک اس طرح سے نہیں چلتے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کوآئی ایم ایف کوجانے نہیں دینا چاہئے تھا بلکہ اپنا پروگرام فائنل کرنا چاہئے تھا ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے پاس کوئی پلان نہیں ہے ، اقتدار میں آتے ہی رونا شروع کردیا ، ایسے ماحول میں کوئی سرمایہ کاری کیسے کرے گا ؟