ہمارے پاس حکومت ہے اقتدار نہیں،آج تک کرپشن چھپانے کے لیے قوانین بنائے گئے اسےروکنے کے لیے نہیں:فیصل واوڈا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیر برائے آبی امور فیصل واوڈا نے کہا کہ ہماری پالیسی بہت واضح ہے، نہ این آر او ہو گا، نہ رشوت لی جائے گی اور نہ ہی ہمارے بچے کوئی جائیداد بنائیں گے، ملک میں آج تک کرپشن چھپانے کے لیے قوانین بنائے گئے اسےروکنے کے لیے نہیں،ہمارے پاس حکومت ہے اقتدار نہیں ،راستے میں دیوار آ جائے تو یوٹرن ضروری ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کاش ہمارے ملک میں بھی کرپشن کے خلاف سعودی عرب، چین اور ملائیشیا جیسے قوانین نافذ کیے جاسکیں،ہمیں امید ہے کہ وزیر اعظم کی یہ خواہش ضرور پوری ہو گی ،عمران خان نے اپنی سیاسی زندگی او ر بطور وزیر اعظم بنیاد سچ پر رکھی ہے ،وہ کسی ملک کو جھوٹے خواب دکھا کر بے ایمانوں کے زمرے میں آنے والے لوگوں سے الرٹ کئے بغیر کاروبار نہیں کرنا چاہتے ، ان کا ایمان اور سوچ یہ ہے کہ وہ ملک سے چوری ،بے ایمانی اور لوٹ مار کو ختم کرتے ہوئے ملک کو اس پٹری پر لے آئے گا جس کی وہ بات کر رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کیا عمران خان کا یو ٹرن پر بیان دینا نواز شریف کے گناہ سے زیادہ ہو گیا ہے ؟نواز شریف نے قومی اسمبلی کو اعتماد میں لیتے ہوئے ملک و قوم کے سامنے جو کہانی بیان کی وہ ایوان میں کی گئی اپنی تقریر سے ہی مکر گئے ہیں،وہ دیواروں والی بلڈنگ جس میں آج تک قوم کے لئے کوئی کام نہیں کیا گیا ،قومی اسمبلی کا احترام تو تب ہی ہو گا جب وہاں بیٹھ کر اپنی ذات کے لئے نہیں ملک وقوم کے کام کئے جائیں گے ،اس پارلیمان کا احترام تب ہی ہو گا نا جب وہاں بیٹھ کر اپنی جیبیں بھرنے کی بجائے عوام کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنے اور انہیں ریلیف دینے کے لئے کام کریں گے ۔فیصل ووڈا کا کہنا تھا کہ عمران خان جب کسی کو جیل میں ڈالنے کی بات کرتے ہیں تو ان کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ وہ اپنی طرف سے کچھ غلط نہیں ہونے دیں گے لیکن اداروں میں مداخلت بھی نہیں کریں گے۔وفاقی وزیر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس حکومت ہے اقتدار نہیں کیونکہ اقتدار کے لئے واضح اکثریت چاہئے ہوتی ہے جبکہ حکومت میں آپ کے اتحادی بھی ہوتے ہیں اور کئی مسائل بھی ہوتے ہیں۔