”شائد مولانا فضل الرحمان کواعتماد دلایا گیاہے کہ ۔۔۔“، سلیم صافی نے حکومت کیلئے انتہائی تشویشاناک دعویٰ کردیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)تجزیہ کار سلیم صافی نے کہاہے کہ شائد مولانا فضل الرحمان کو اعتماد دلایا گیا ہے کہ اس حکومت کا بوجھ عوام اور ملک کے کندھوں سے جلد اتار دیاجائے گا ۔
جیونیوز کے پروگرام ”آپس کی بات “میں گفتگو کرتے ہوئے سلیم صافی نے کہا کہ عمران خان کی بنیادی غلطی ہے کہ ان کی جانب سے اپنی تمام غلطیوں کا ملبہ پہلے نوازشریف اورآصف زرداری پر ڈالاگیا ، پھر میڈیا پر اور پھر عدلیہ پرڈالنے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اس وقت فرسٹریشن کا شکار ہیں۔
انہوں نے کہاہے کہ غرورکا انجام بہت برا ہوتاہے ،جو بھی آپے سے باہر ہوتاہے ، اس کاانجام برا ہوگا ۔ عمران خان پاکستان کے سب سے خوش قسمت وزیر اعظم تھے کہ ان کے سامنے کوئی مخالفت نہیں تھی لیکن ان کی کارکردگی ایسی رہی کہ مشیر خزانہ کہہ رہے ہیں کہ ٹماٹر 17روپے کلو ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت اس حکومت سے متعلق مایوسی بڑھ گئی ہے اور مولانا فضل الرحمان کے اعتماد کی وجہ یہ ہے کہ عوام حکومت سے تنگ آگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شائد مولانا فضل الرحمان کو اعتماد دلایا گیا ہے کہ اس حکومت کا بوجھ عوام اور ملک کے کندھوں سے جلد اتار دیاجائے گا ۔