جی ایس پی پلس سے فائدہ کیلئے قوانین سے آگاہی ضروری‘ فیصل آبادچیمبر

جی ایس پی پلس سے فائدہ کیلئے قوانین سے آگاہی ضروری‘ فیصل آبادچیمبر

  



فیصل آباد (کامرس ڈیسک) تجارتی خسارے پر قابو پانے اور برآمدات کو بڑھانے کیلئے جی ایس پی پلس بہت بڑی سہولت ہے جس سے پوری طرح فائدہ اٹھانے کیلئے مروجہ دستاویز اور کاغذی کارروائی کو پورا کرنا ضروری ہے۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر رانا محمد سکندر اعظم خاں نے ای یو۔ جی ایس پی رولز آف اوریجن اینڈ اوریجن سرٹیفکیشن انڈر دی ریکس سسٹم بارے آگاہی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے بتایا کہ یورپی یونین کے ممالک کو برآمدات کیلئے 91فیصد مصنوعات پر ڈیوٹی صفر ہے جبکہ صرف نو فیصد مصنوعات پر ڈیوٹی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر برآمدات کو ریگولیٹ کرنے کیلئے کمپیوٹرائزڈ سسٹم کو استعمال کیا جاتا ہے جس میں درست معلومات اور خاص طور پر ایچ ایس کوڈ کا استعمال ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ بڑے برآمد کنندگان نے اس کام کیلئے اعلیٰ تعلیم اور تربیت یافتہ افراد کی خدمات حاصل کر رکھی ہیں، مگر خاص طور پر چھوٹے اور نئے برآمد کنندگان کیلئے یہ ممکن نہیں اور آگاہی نہ ہونے کی وجہ سے اُن کی برآمدی کنسائنمنٹس کو روکا جا سکتا ہے۔ اس لئے انہیں یورپی یونین کے تقاضوں کے مطابق درست معلومات مہیا کرنی چاہیں۔ انہوں نے برآمدات بڑھانے کے سلسلہ میں ایف سی سی آئی اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے درمیان قریبی رابطوں کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ وہ مشترکہ مقاصد کی وجہ سے ایک پیچ پر ہیں۔ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ یہ منتخب ٹریڈ باڈی گزشتہ 45سالوں سے اس شہر کی بزنس کمیونٹی کے مفادات کے تحفظ کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اگرچہ ٹیکسٹائل اس کی اصل معاشی قوت ہے تاہم دوسرے شعبے بھی ملکی ترقی میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ یورپین یونین کو پاکستانی برآمدات کا بڑا حصہ صرف ٹیکسٹائل تک محدود ہے جبکہ دوسرے شعبوں کو بھی ڈیوٹی فری رسائی کی سہولت سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔

اس سے قبل ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے ایڈوائزر کمال شہریار نے یورپین یونین کو برآمدات کیلئے ایچ ایس کوڈ کی اہمیت کے بارے میں بتایا اور کہا کہ ”پی“ خالصتاً اور مکمل طور پر پاکستانی مصنوعات کیلئے استعمال ہوتا ہے جبکہ ”ڈبلیو“ اُن اشیاء کیلئے استعمال کیا جاتا ہے جن کی ویلیو ایڈیشن میں درآمدی اشیاء بھی استعمال ہوتی ہیں۔ اسی طرح ایچ ایس کوڈ کے پہلے دو ڈیجٹ پراڈکٹ کے چیپٹر اگلے دو ڈیجٹ ہیڈ نگ اور اگلے دو ڈیجٹ سب ہیڈنگ کیلئے استعمال ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کیلئے ایچ ایس کوڈ کے چیپٹر اور ہیڈنگ یکساں ہیں جبکہ سب ہیڈنگ مختلف ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جی ایس پی پلس کی سہولت یکطرفہ طور پر پاکستان کو حاصل ہے جبکہ ایف ٹی اے اور پی ٹی اے سمیت دیگر تجارتی معاہدے دو طرفہ ہوتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان نے برآمد کنندگان کی آسانی کیلئے ٹریڈ ہیلپ ڈیسک کے نام سے ایک ویب سائٹ لانچ کی ہے جس سے جی ایس پی اور ریکس سسٹم بارے کوئی بھی معلومات حاصل کی جا سکتی ہے۔ اس موقع پر ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان فیصل آباد کے ڈائریکٹر اللہ داد تارڑ بھی موجود تھے۔ اس موقع پر جی ایس پی پلس کے بارے میں پریزنٹیشن بھی دی گئی۔

مزید : کامرس