چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں بچوں کے عالمی دن پر رنگا رنگ تقریب

چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں بچوں کے عالمی دن پر رنگا رنگ تقریب

  



  لاہور(لیڈی رپورٹر)بچوں کے عالمی دن کی مناسبت سے چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب میں گود این جی او کے تعاون سے ایک رنگا رنگ تقریب، مہمان خصوصی صوبائی وزیراطلاعات و ثقافت  میاں اسلم اقبال تھے۔ تقریب میں سوشل ایکٹیوسٹ مسرت مصباح،  معروف ٹی وی اداکار احسن خان اور گلوکار علی ظفر، حسان خان نیازی، اے آئی جی پولیس ظفر اقبال، ڈی آئی جی اشفاق خان اور ڈی آئی جی انوسٹی گیشن انعام وحید سمیت چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے بورڈ آف گورنرز کے ممبران اور سول سوسائٹی کے نمائندوں  نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے کہا کہ تمام بچوں کے حقوق کا تحفظ ضروری ہے۔

  اور چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی جانب سے بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے تمام ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اس موقع پر بیورو میں مقیم بچوں کی جانب سے ٹیبلوز پیش کئے گئے۔ بعد ازاں بچوں نے تقریب کے شرکاء  کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں ہونے والے اپنے تجربات کے بارے میں بتایا۔ تقریب میں معروف گلوکار علی ظفر نے بچوں کے لئے دعا لب پہ آتی ہے پڑھی جبکہ مسرت مصباح اور احسن خان نے بھی بچوں کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔صوبائی وزیر اطلاعات میاں اسلم اقبال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ بچے ہمارا مستقبل ہیں۔ ہمارے بچے محفوظ ہوں گے تو ہمارے ملک کامستقبل محفوظ ہوگا۔ حکومت پنجاب بچوں کے تحفظ لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں بچوں سے مل کر خوشی ہوئی۔ یہاں بچوں کو حکومت پنجاب کی جانب سے تمام بنیادی سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں۔ اس موقع پر سندھ کے گمشدہ بچوں کو روشنی ہیلپ لائن کراچی کے تعاون سے والدین سے بھی ملوایا گیا۔ تقریب کے اختتام پرچئیرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور مہمانوں میں یادگاری شیلڈز تقسیم کیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1