غذائی قلت سے بچاؤ کیلئے محکمہ زراعت بھر پور اقدامات کررہاہے نعمان لنگڑیال

غذائی قلت سے بچاؤ کیلئے محکمہ زراعت بھر پور اقدامات کررہاہے نعمان لنگڑیال

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 فیصل آباد (آن لائن) وزیر اعظم پاکستان کے ویژن کے مطابق عوام الناس کو غذائی قلت سے بچانے کیلئے محکمہ زراعت پنجاب بھرپور اقدامات کر رہا ہے۔وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ عوام جب کھانے کو ضائع کرتے ہیں تو انہیں یہ دیکھ کر بہت دکھ ہوتا ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام کھانے کو ضائع نہ کریں کیونکہ خوراک کی کمی کے شکار دنیا کے 119 ممالک میں پاکستان 106ویں نمبر پر ہے۔ہمارے قائدعمران خان نے اقتدار میں آکر زرعی ترقی اور غذائی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے " زرعی ایمرجنسی" نافذ کی کیونکہ ہماری حکومت جانتی ہے کہ ماضی میں کسانوں کا بری طرح استحصال کیا گیا ہے اور زراعت کا شعبہ زبوں حالی کا شکار ہے۔ ہم نے وزیر اعظم پاکستان کے ویژن کے تحت وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں زراعت کے شعبے میں انقلاب لانے اور کسانوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسی زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت زرعی ترقی کیلئے300 ارب روپے کی رقم مختص کی ہے جس کے تحت منصوبہ جات جاری ہیں جن کے تحت گندم،دھان،گنے اور تیلدار اجناس کی فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں یہ بات ملک نعمان احمد لنگڑیال وزیر زراعت پنجاب نے عالمی یوم ِ خوراک کے حوالے سے لاہور کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔تقریب میں وزیر خوراک پنجاب سمیع اللہ چوہدری،اسپشل اسسٹنٹ ٹو وزیر اعلیٰ پنجاب خرم لغاری،سیکرٹری خوراک ظفر نصراللہ خان،چئیرمین پنجاب فوڈ اتھارٹی عمر تنویر بٹ،پارلیمانی سیکرٹری خوراک رائے ظہور احمد کھرل،ایڈوائزر وزیر زراعت پنجاب شاہد قادر اور ڈائریکٹر نظامت زرعی اطلاعات پنجاب رائے مدثر عباس سمیت پنجاب فوڈ اتھارٹی کے اعلیٰ افسران اور میڈیا کے نمائندگان نے شرکت کی۔ملک نعمان احمد لنگڑیا ل نے اس موقع پر مزید کہا کہ فوڈ سسٹم کو ماحول، افراد اور ادارے مل کر تشکیل دیتے ہیں جس میں زرعی مصنوعات کا حصول، ان کی پروسیسنگ اور صارف تک ان کی ترسیل شامل ہیں۔گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے اور یہی وجہ ہے کہ صوبہ پنجاب میں وزیر اعظم کے زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت9 ارب روپے سے زائد رقم خرچ کی جا رہی ہے اور اس منصوبے کے تحت کسانوں کی معاشی ترقی اور پیداواری لاگت میں کمی کیلئے کھادوں،بیج اور جدید مشینری سبسڈی پر فراہم کی جارہی ہے۔انشاء اللہ اس منصوبے کے ذریعے آئندہ 5 سالوں میں صوبہ پنجاب میں گندم کی پیداوار میں 7 من فی ایکڑ کا اضافہ ہوگا۔

وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غذائی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی زرعی شعبہ کو یوں ہی سرپرستی جاری رہے گی،مجھے یقین ہے کہ زرعی ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے کاشتکاردن رات محنت کریں گے اور ہم غذائی قلت کا خاتمہ کرنے میں کامیاب ہوں گے۔

مزید :

کامرس -