مقدمات کے اندراج میں تاخیر ناقابل برداشت،ذمہ داروں کیخلاف کارروائی ہوگی:آئی جی پنجاب

مقدمات کے اندراج میں تاخیر ناقابل برداشت،ذمہ داروں کیخلاف کارروائی ...

  



لاہور(کر ائم رپو رٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن(ر) عارف نواز خان نے کہاہے کہ 8787 کمپلینٹ سنٹر میں موصول ہونے والی ہر کال پر سائلین سے خوش اخلاقی سے پیش آتے ہوئے انہیں درپیش مسائل کے حل کیلئے بھرپور محنت اور خلوص نیت سے کوششیں کی جائیں، مقدمات کے اندراج میں تاخیر کے ذمہ دار افسران و اہلکاروں کے خلاف کاروائی میں زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے  سنٹرل پولیس آفس میں 8787آئی جی پی کمپلینٹ سنٹر کے دورے کے دوران شہریوں کی شکایات کے ازالے کے عمل میں مزید بہتری کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر آئی جی پنجاب نے صوبہ بھر سے موصول ہونے والی عوامی شکایات اور انکے حل کیلئے ہونے والے اقدامات کا جائزہ لیا، اے آئی جی کمپلینٹس عبادت نثار نے آئی جی پنجاب کو کمپلینٹ سنٹر کی کارکردگی اوراپ گریڈیشن سے متعلق اقدامات پر بریفنگ دی۔انہوں نے مزیدکہاکہ اختیارات سے تجاوز، شہریوں کے مسائل کے حل میں دلچسپی نہ لینے والے اورد رخواستیں میرٹ پر ہونے کے باوجود مقدمات کا اندراج نہ کرنے والے افسران واہلکاروں کو فیلڈ پوسٹنگ سے ہٹادیاجائے اورڈسپلن میٹرکس کے مطابق انکے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے تاکید کی کہ 8787کمپلینٹ سنٹر میں بذریعہ کال، ایس ایم ایس، ای میل اور ڈاک موصول ہونے والی تمام درخواستوں کے فالو اپ کو بھی ہر صورت یقینی بنایا جائے،شہریوں کی سہولت کیلئے8787کمپلینٹ سنٹر کو ایمر جنسی ہیلپ لائن 15کے ساتھ انٹی گریڈ کرنے کے حوالے سے بھی اقدامات کئے جائیں تاکہ عوام کو درپیش مسائل کے ازلے کے عمل میں مزید بہتری آسکے۔

 آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ 8787کمپلینٹ سنٹر کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کیلئے شکایت کنندہ کا مسئلہ حل ہونے تک اس سے رابطے میں رہا جائے تاکہ مقدمات کے اندراج کے بعد تفتیش کے مراحل بھی جلد از جلد تکمیل تک پہنچیں اور شہریوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں۔ انہوں نے مزیدکہاکہ عوام کی سہولت کے لئے8787آئی جی پی کمپلینٹ سنٹر کے اوقات کار میں اضافے کیلئے حکمت عملی ترتیب دی جائے تاکہ شہریوں کو پولیس کے حوالے سے کسی بھی وقت کوئی شکایت درپیش ہو تو فوری طور پر اس کی داد رسی کرتے ہوئے ذمہ دار افسر و اہلکار کے خلاف بروقت کاروائی کی جاسکے۔ اس موقع پر سی سی پی او لاہور بی اے ناصر، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز انعام غنی، ڈی آئی جی آئی ٹی ذوالفقار حمید، ڈی آئی جی ویلفیئر شارق کمال صدیقی،ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز،سید خرم علی، ڈی آئی جی ڈی اینڈ آئی احسن یونس، ڈی آئی جی آپریشنز کیپٹن (ر)عطاء محمد،ڈی آئی جی لاجسٹکس رائے بابر سعید،اے آئی جی ڈویلپمنٹ حسن اقبال، اے آئی جی ایڈمن حسن رضا خان اور اے آئی جی کمپلینٹس عبادت نثار سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

مزید : علاقائی