شام سے امریکی انخلا،کرد جنگجوؤں پر ترک حملے سے داعش کا حوصلہ بڑھ گیا:پینٹا گون

شام سے امریکی انخلا،کرد جنگجوؤں پر ترک حملے سے داعش کا حوصلہ بڑھ گیا:پینٹا ...

  



واشنگٹن(اظہر زمان، بیوروچیف) شمالی شام سے امریکی فوج کی واپسی کے بعد کرد جنگجوؤں پر ترکی کے حملے سے داعش کا حوصلہ بڑ ھ گیااور ان کی پوزیشن بہتر ہو سکتی ہے۔ پینٹا گون نے شام کی صورتحال پر ایک رپورٹ جاری کی ہے جس میں انسپکٹر جنرل نے یہ جائزہ پیش کیا کہ انسداد دہشت گردی کے دباؤ میں کمی کی وجہ سے امکان ہے داعش اس کا فائدہ اٹھائے گی، ایک بار پھر حملے کرنے کیلئے اپنی پوزیشن مستحکم کر نے کی کوشش کریگی اور اسے اپنے خفیہ نیٹ ورک کو بروئے کار لانے کی زیادہ آزادی حاصل ہو جائیگی۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے شامی جمہوری افواج (ایس ڈی ایف) کے قبضے میں موجود داعش کے قیدیوں کو چھڑانے کی کوشش بھی کی جا سکتی ہے۔ انسپکٹر جنرل کے جائزے کے مطابق امریکی انخلاء کا ایک ضمنی نتیجہ یہ بھی نکل سکتا ہے کہ امریکہ کے ایس ڈی ایف کیساتھ تعلقات خراب ہو سکتے ہیں اور وہ امریکہ پر بیوفائی کا الزام لگا سکتے ہیں۔ یاد رہے ڈیموکریٹک اور ریپبلکن دونوں جماعتوں نے صدر ٹرمپ کے انخلاء کے فیصلے پر سوال اٹھائے تھے۔ انخلاء کے اعلان سے قبل شام میں تقریباً ایک ہزار فوجی تھے۔ صدر ٹرمپ نے چھ سو فوجیوں کو مشرقی شام میں تیل کے کنوؤں کی حفاظت پر ما مو ر کر کے باقی چار سو فوجیوں کو واپس بلا لیا تھا۔

پینٹاگون

مزید : علاقائی