مودی انتہا پسند،بھارت کی شناخت کو خطرہ،اقوام عالم تعلقات پر نظر ثانی کرے:برطانوی سیاستدان

مودی انتہا پسند،بھارت کی شناخت کو خطرہ،اقوام عالم تعلقات پر نظر ثانی ...

  



لندن(آئی این پی)برطانوی سیاستدان جاوج گیلووے نے کہا مودی انتہاپسند شخص جو سیکولر بھارت کی شناخت کیلئے ایک خطرہ ہے،اقوام عالم کو بھارت کیساتھ اپنے روابط اور تعلقات پر نظر ثانی کرنا ہوگی،اقلیتوں کیساتھ سلوک نے بھارتی سیکولر ازم کی قلعی کھول دی،مودی کی انتہا پسندی بھارت کیلئے زہر قاتل ہے،پاکستان کو کشمیریوں کی حمایت میں کھل کر آنا چاہئے تاکہ بھارتی اقدامات کے بارے میں دنیا کی مدد حاصل کی جا سکے،مغربی عوام کو بتانا ہوگا کشمیر صرف سکارف اور شال تک محدود نہیں اور بھارت کے پروپیگنڈے کا جواب موثر اور حقیقی معلو ما ت کے ذریعے دینا ہو گا۔ایکسپریس ٹریبیون کے مطابق برطانوی سیاستدان جاوج گیلووے کا مزید کہنا تھا بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے اقدامات کے نتیجے میں مقبوضہ کشمیر کے عوام کو گزشتہ کئی ماہ سے بے جا پابندیوں کا سامنا ہے اور دنیا سے ان کا رابطہ منقطع کیا گیا ہے جبکہ اس سے قبل بھارت نے ناجائز طور پر مقبوضہ واد ی کی خصوصی حیثیت کو ختم کرتے ہوئے بھارت کا حصہ قرار دیا تھا تاہم کشمیری عوام کی جدو جہد اور ان کے مقصد نے دنیا بھر کی توجہ اپنی جا نب مبذول کراتے ہوئے حمایت بھی حاصل کی ہے، برطانوی سیاستدان جارج گیلوو ے جنہوں نے گزشتہ دنوں کراچی میں منعقدہ کشمیر میں انسانی حقوق کے حوالے سے ایک سیمینار میں شرکت کی میں کہنا تھا بالاخر اقوام عالم کو بھارت کیساتھ اپنے روابط اور تعلقات پر نظر ثانی کرنا ہوگی۔انہوں نے ایکسپریس ٹریبیون کو انٹرویو میں بھی کہا دیگر ممالک مودی کے بھار ت کی جانب محبت کی وجہ سے نہیں بلکہ اپنے مفادات کی وجہ سے آرہے ہیں اور جب ایک ملک پیار کو گنوا دے تو پھر دنیا میں وہ اپنے معاشی و ثقافتی اثرات بھی کھوبیٹھتا ہے اور مودی نے بھارت کو سب سے بڑا یہی نقصان پہنچایا ہے۔جارج گیلووے کا کہنا تھا مودی کا مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنا،وادی میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں نے دنیا بھر میں انکی ساکھ کو داغدار جبکہ بھارت کی بحیثیت ملک ساکھ کو بھی متاثر کیا ہے۔ جارج گیلووے کا کہنا تھا بھارت میں سکھوں، عیسائیوں و دیگر اقلیتوں کیساتھ جو سلوک کیا جارہا ہے اور سوشل میڈیا پر جو ہم اکثر دیکھتے ہیں کسی گروہ کے ہاتھوں کسی نوجوان کو تشدد کے مار دیا جاتا ہے، جن میں زیادہ تر آر ایس ایس کے لوگ شامل ہوتے ہیں، ان سب نے مودی کا چہرہ عیاں کردیا ہے اور کشمیر میں کیے جانیوالے غیر ذمہ دارانہ اقدامات نے تو گویا اس پر مہر تصدیق ثبت کردی ہے۔ جارج گیلووے نے کہا لوگ مودی کے اقدامات سے بھارت میں انتہاپسندی کی لہر کو محسوس کررہے ہیں، اس سے قبل بھی بی جے پی کی حکو مت بھارت پر رہی ہے تاہم ایسی انتہا پسندی کا مظاہرہ کبھی نہیں کی جو مودی کررہا ہے اوراس سے بھارت کو جو نقصان پہنچ رہا ہے لوگ فکر مند ہیں۔پاکستانی قیادت کے بارے میں بات کرتے ہوئے جارج گیلووے کا کہنا تھا ضرورت اس بات کی ہے پاکستان کشمیری عوام کی مد د کرے تاکہ مقبوضہ وادی میں کیا ہورہا ہے اس بارے میں خبریں دنیا کو معلوم ہوسکیں۔ ہمیں ایک مہم چلانا ہوگی جس میں بتانا ہوگا مودی ایک شخص ہے جو نسلی و مذہبی بنیاد پر برتری کے نظریے پر یقین رکھتا ہے، ہمیں دنیا کو بتانا ہوگا یہ سب کچھ کشمیر میں ہورہا ہے۔جارج گیلووے نے مزید کہا بھارت کے پروپیگنڈے کا جواب موثر اور حقیقی معلومات کے ذریعے دینا ہوگا۔ ایک ایسا ملک جو اپنے آپ کو جمہوری کہتا ہے وہ صحا فیوں کو کشمیر جانے سے نہیں روک سکتا، بھارت کو لفظ جمہوریت کا استعمال ترک کرنا ہوگا اور کہنا ہوگا معاف کیجیے گا ہم سے غلطی ہوگئی ہم تو آ مر یت پسند ہیں اور آزادانہ رپورٹنگ کی اجازت نہیں دیتے۔جارج گیلووے نے خبردار کیا اگر مودی نے کشمیر اور وہاں کے عوام کیخلاف ا پنی پالیسیاں جاری رکھیں تو اس کا نتیجہ پاکستان سے تصادم کی طرف جاسکتا ہے۔

جاوج گیلووے

مزید : علاقائی