وزیر اعظم کا ”کرپشن فری پاکستان“قوم کے دل کی آواز بن چکا:عثمان بزدار

وزیر اعظم کا ”کرپشن فری پاکستان“قوم کے دل کی آواز بن چکا:عثمان بزدار

  



لاہور (جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا ”کرپشن فری پاکستان“ قوم کے دل کی آواز بن چکا ہے،نئے پاکستان میں کرپشن کی گنجائش ہے نہ کرپٹ عناصر کی۔،حکومت سمت درست اور نیت نیک ہے،انشاء اللہ فلاح عامہ کے انقلابی پروگرام پر عملدرآمد کرتے ہوئے اہداف حاصل کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ارکان اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں محمد عامر نواز خان، راجہ صغیر احمد،امجد محمود چودھری، محمد لطاسب ستی،چودھری ساجد محمود، جاوید کوثر،محمد عاطف، محمد سبطین رضا، شہاب الدین خان،سردار محمد اویس دریشک، محترمہ ام البنین علی اور سیدہ فرح عظمیٰ شامل تھیں۔اراکین صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو اپنے حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔وزیراعلیٰ نے مسائل کے حل کیلئے موقع پر ہی متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سابق ادوار میں صوبے کے عوام کو ترقیاتی منصوبوں کے نام پر دھوکہ دیا گیا۔صوبے کے عوام کے بنیادی مسائل کو نظر انداز کیا گیا،پاکستان کے پیچھے رہنے کی وجہ کرپشن اور سابق حکمرانوں کی نااہلیاں ہیں تاہم لوٹ مار کی سیاست کا دور گزر چکا ہے۔سابق دور میں ملک کوقرضوں کے چنگل میں جکڑنے والے کس منہ سے رہنمائی کادعویٰ کرسکتے ہیں۔ اب شفاف قیادت اور شفاف حکومت ہے، خراب معاشی صورتحال ورثے میں ملی جس کی ذمہ دار سابق حکومت ہے۔انہوں نے کہا کہ معیشت مضبوط بنانے کیلئے موجودہ حکومت مؤثراقدامات کر رہی ہے۔ تحریک انصاف کی حکو مت کی ٹھوس پالیسیوں سے معیشت میں بہتری آ رہی ہے اور ماضی میں جو کانٹے بوئے گئے انہیں ایک ایک کر کے صاف کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ترقی اور خوشحالی پنجاب کے ہر شہری کا بنیادی حق ہے،کسی کو عوامی خدمت کے سفر میں رکاوٹ نہیں ڈالنے دی جائے گی۔دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب سے بلوچستان کے وزیر صنعت حاجی محمد خان اتمن خیل کی سربراہی میں وفدنے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور،عمومی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیاگیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بلوچستان کے وفد کی طرف سے لورا لائی کے دورے کی دعوت قبول کر لی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہمارے دل بلوچستان کے لوگوں کیساتھ دھڑکتے ہیں، اہل پنجاب اور بلوچستان یکجان اور دوقالب ہیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بلوچستان کے وفد کو پنجاب میں فلاح عامہ کے منصوبوں اورترقیاتی پروگرام سے آگاہ کیا۔بلوچستان کے وفدنے فلاح عامہ کیلئے پائیدار اقدامات پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی کاوشوں کوسراہا۔علاوہ ازیں ایک بیان میں وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدارنے سید عماد علی کو جونیئر ورلڈ سکریبل چیمپئن شپ جیتنے پر مبارکباددیتے ہوئے کہا کہ 13سالہ عمادعلی نے سکریبل کے کم عمر ترین چیمپئن کابھی اعزازحاصل کر کے پاکستانی پرچم بلندکیاہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کا نام روشن کرنیوالے عماد علی کی کارکردگی پرپوری قوم کو ناز ہے۔

سردار عثمان بزدار

مزید : صفحہ اول