چودھری شجاعت حسین سے سردار عتیق کی ملاقات، خیریت دریافت کی

چودھری شجاعت حسین سے سردار عتیق کی ملاقات، خیریت دریافت کی

  



لاہور(خصوصی رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین سے سابق وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر اور مسلم کانفرنس کے سربراہ سردار عتیق احمد خان نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ انہوں نے چودھری شجاعت حسین کی مکمل صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سردار عتیق کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ واحد جماعت ہے جس نے کشمیر کی پالیسی کو قائداعظمؒ کے فرمودات کے عین مطابق اپنا رکھا ہے، ان کا خاندان چودھری ظہورالٰہی شہید سے لیکر آج تک ہر مشکل حالات میں سیاسی مرکز بنا ہوا ہے۔ انہوں نے چودھری شجاعت حسین سے درخواست کی کہ وہ پاکستانی قیادت سے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بات کریں اس سلسلے میں مسلم کانفرنس سے جس قسم کا تعاون چاہئے ہم تیار ہیں۔ سردار عتیق نے مزید کہا کہ کشمیر تاریخ کے بدترین دور سے گزر رہا ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ کشمیریوں کو نریندرمودی کے ظلم و ستم اور قتل و غارت سے نجات دلائی جائے۔ انہوں نے چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سیاسی ماحول کو جس طرح خوشگوار بنایا اس پر حکومت اور اپوزیشن دونوں ان کی معترف ہیں۔

 شجاعت حسین

مزید : صفحہ آخر