96قتلوں میں ملوث متحدہ لندن کا ٹارگٹ کلر یوسف ٹھیلے والا دوبارہ گرفتار
کراچی (این این آئی) پولیس نے کارروائی کے دوران ایم کیو ایم لندن کے ٹارگٹ کلر یوسف عرف ٹھیلے والا کو گرفتار کرلیا، جس نے سابق(بقیہ نمبر40صفحہ12پر)
رہنما ایم کیو ایم پاکستان فاروق ستار سے رابطے کا انکشاف کیا ہے۔بدھ کو ایس ایس پی ضلع شرقی اظفر مہیسر نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ملزم96 قتل کی وارداتوں میں ملوث ہے، لاشوں کو کاٹ کر ٹھیلے کے ذریعے لاشیں ٹھکانے لگانے پر اسکا نام ٹھیلے والا پڑا ہے۔ایس ایس پی ایسٹ نے بتایا کہ گرفتار ملزم کا ٹارگٹ کلنگ گروپ تینتالیس ٹارگٹ کلر پر مشتمل تھا، ٹارگٹ کلرٹیم نے دو فوجی جوانوں کو قتل کیا، اسی گروہ نے پاک فضائیہ، پولیس کے ایک ایک اہلکار کو بھی موت کے گھاٹ اتارا۔غلام اظفر مہیسر کے مطابق گروہ نے ایم کیوایم حقیقی کے پانچ کارکن، سرکاری ملازم سمیت دو افراد کوقتل کیا، مخبری کے شبے میں بارہ اور بھتہ نہ دینے پرایک شہری کو قتل کیا۔ایس ایس پی ایسٹ نے بتایا کہ محکمہ داخلہ سندھ نے بھی ملزم کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے تھے، ملزم دہشت گرد ندیم ماربل اور عبدالسلام عرف مسہ کا قریبی ساتھی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ملزم انیس سو چھیانوے میں رینجرز کے ہاتھوں گرفتار،انیس سو ستانوے میں رہا ہوا، ملزم پیرول پر رہا ہونے کے بعد روپوش ہوگیا تھا، روپوشی کے دوران ایم کیوایم لندن گروپ ملزم کو پیغامات پہنچاتا تھا۔یوسف عرف ٹھیلے والا نے دوران تفتیش سابق رہنما ایم کیو ایم پاکستان فاروق ستار سے رابطہ کا انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ فاروق ستار سے نائن زیرو میں ملاقات ہوتی تھی، سیکٹر انچارج خالد صدیقی اور ندیم ماربل نے فاروق ستار سے ملاقات کروائی، 90 میں رہائش کا بندوبست فاروق ستار کرواتے تھے۔یوسف عرف ٹھیلے والا نے بتایا کہ قیادت کے کہنے پر قتل کی واردتیں کرتا تھا، ہمیں رہنماں سے ہدایات ملتی تھیں تو وارداتیں کرتے تھے جب کہ ٹھیلے پر رکھ کر لاشیں ٹھکانے لگاتا تھا۔دریں اثنا ء متحدہ قومی موومنٹ تنظیم بحالی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے ایم کیوایم لندن کے گرفتار ٹارگٹ کلر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ میں پارٹی کے تنظیمی سیٹ اپ کا کبھی انچارج نہیں رہا۔ یہ ذمہ داری عامرخان، کنور نوید،انیس قائمخانی کے پاس رہی۔فاروق ستار نے کہا کہ نائن زیرو میں کب کون رہتا تھا میرا اس سے تعلق نہیں، میں پارٹی کے تنظیمی سیٹ اپ کا کبھی انچارج نہیں رہا، ہمیشہ سیاسی سیٹ اپ کی ذمہ داری نبھائی ہے۔متحدہ قومی موومنٹ تنظیم بحالی کے سربراہ نے کہا کہ ملزم سے یہ کون کہلوا رہا ہے سامنے آجائے گا، میرے خلاف سازش ہو رہی ہے جو سامنے آجائے گی، میں سختی سے اس بات کی تردید کرتا ہوں۔
یوسف ٹھیلے والا گرفتار