حکومت ڈیڑھ سال میں کچھ نہیں کر سکی آئندہ کیا تیر مارلے گی:سراج الحق

حکومت ڈیڑھ سال میں کچھ نہیں کر سکی آئندہ کیا تیر مارلے گی:سراج الحق

  



لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ وزراء کی تبدیلی سے کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔عوام بڑی تبدیلی دیکھنا چاہتے ہیں۔وزراء کی تبدیلی ہومیو پیتھک علاج ہے۔جو حکومت ڈیڑھ سال میں کچھ نہیں کرسکی وہ آئندہ کیا تیر مار لے گی۔پی ٹی آئی اب بھی حقیقی احتساب سے ڈرتی ہے۔غریبوں کی دعائیں رنگ لا رہی ہیں اللہ کے ہاں دیر ہے اندھیر نہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونس بارائی کی قیادت میں کراچی سے آئے ہوئے وفد سے منصورہ میں ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ لوگ حکومت سے جذباتی اعلانات او ر نعروں کی بجائے عملی اقدامات چاہتے ہیں لیکن حکومتی گاڑی میں سموگ اور فوگ والی لائٹس نہیں اس لیے اس کو کچھ سمجھ نہیں آرہا۔ حکومتی گاڑی منزل تک نہیں پہنچ سکتی۔حکومت ایک قدم آگے اور دو قدم پیچھے جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے خود سیاسی تلخیوں میں اضافہ کرکے سیاست اور جمہوریت کوکمزور کردیاہے۔جمہوریت بچانے کے لیے اپوزیشن اور حکومت کے درمیان ڈائیلاگ ضروری ہے۔اختیارات کا مرکز اب بھی پردے کے پیچھے ہے۔عوام کے اندر بڑھتی ہوئی بے چینی اور مایوسی حکمرانوں کی آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہے۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ مہنگائی بے روزگاری اور عدم تحفظ کے احساس نے عوام کی نیندیں حرام کر دی ہیں۔اب تو متوسط طبقے کے لیے اپنی سفید پوشی کا بھرم رکھنامشکل ہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سردی کی شدت میں دن بد ن اضافہ ہورہا ہے اور لنڈے کے کپڑے بھی غریب کی پہنچ سے باہر ہوگئے ہیں۔

 سراج الحق 

مزید : صفحہ آخر